Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم وطنی: مکہ کی شاہراہیں اور عمارتیں قومی پرچموں سے سج گئیں

شہر بھر میں 1600 سے زائد قومی پرچم نصب کردیے گئے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ان دنوں 23 ستمبر 2025 کو 95 واں یوم وطنی شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق 95 ویں یوم وطنی کی مناسبت سے مکہ مکرمہ کی سڑکیں، چوراہیں، انڈر پاسز اور بلدیاتی عمارتیں سبز رنگ میں رنگ گئیں۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے شہر بھر میں 1600 سے زائد قومی پرچم نصب کر دیے ہیں جبکہ عمارتوں کو سبز روشنیوں سے منور کر کے قومی دن کی خوشی کو بھرپور انداز میں منانے کی مزید تیاریاں جاری ہیں۔

مکہ شہر کی سکرینوں پر خصوصی پیغامات نشر کیے جارہے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

شہر بھر میں الیکٹرانک سکرینوں پر یوم وطنی کی مناسبت سے تیار کردہ خصوصی ڈیزائنز، پیغامات اور ڈسکاؤنٹ پر فراہم کی جانے والی اشیا و کمپنیوں کے اشتہار پیش کیے جا رہے ہیں۔
یوم وطنی کی مناسبت سے مکہ میونسپلٹی نے پارکوں، تفریحی مقامات اور جشن کے مراکز کو بھی مکمل طور پر تیار کر لیا ہے تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار اور یادگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

میونسپلٹی نے جشن کے مراکز کو بھی مکمل طور پر تیار کرلیا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر یوم وطنی کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف قسم کے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
 

 

شیئر: