Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کے اجلاس میں امن و انصاف کے پیغام کے ساتھ شریک ہیں: سعودی وزیر خارجہ

فلسطینیوں پر جاری تشدد کو ختم کرانا مملکت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’فلسطینی عوام کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانا اور فلسطینیوں پر جاری تشدد کو ختم کرانا مملکت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘۔
ان کا کہنا تھا ’مملکت اس برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں امن و انصاف کے پیغام کے ساتھ شریک ہے۔‘
 شہزادہ فیصل بن فرحان جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کےلیے نیویارک پہنچے ہیں ’ایس پی اے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے ایک منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کوشاں ہے جس سے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور جامع علاقائی امن کی راہ ہموارہو۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا ’سعودی عرب 1945 میں اقوام متحدہ کے بانی ممالک میں شامل ہوا اور اس کے پہلے اجلاس میں بھی شریک تھا۔مملکت نے مشرق وسطی اور دنیا بھر میں تنازعات کے حل اور قیامِ امن کے لیے موثر کردار ادا کیا ہے۔‘
’جس کی بنیاد متوازن خارجہ پالیسی اور وسیع سفارتی تعلقات ہیں، اسی وجہ سے سعودی عرب کو آج ایک قابل اعتماد اور عالمی طورپر ثالث کے طورپر تسلیم کیا جاتا ہے۔‘
یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت کریں گے۔
 سعودی عرب اجلاس کے موقع پر متعدد انیشیٹیوز اور اجلاسوں کی میزبانی کرے گا جن کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانا، سفارتی، انسانی اور ترقیاتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
 مسئلہ فلسطین کے پرامن اور دو ریاستی حل کےلیے اعلی سطح کی بین الاقوامی سمٹ کی میزبانی بھی کرے گا۔ 

 

شیئر: