مصر میں باپ نے 3 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی
اصل حقائق سامنے لانے کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ (فوٹو عکاظ)
مصر کے شہر نبروہ کی کمشنری الدقھلیہ میں جمعے کے دن ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس پر علاقے کے لوگ غمزدہ ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق یہاں ایک مصری باپ نے اپنے تین معصوم بچوں کو قتل کر کے بعدازاں ٹرین کے نیچے آکر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک گھر میں تین بچوں کی لاشیں پڑی ہیں۔
پولیس کی جائے وقوعہ پر پہنچنے والی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی اور تحقیق سے پتہ چلا کہ یہ لرزہ خیز واردات بچوں کے باپ نے انجام دی ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم کا اپنی اہلیہ سے شدید جھگڑا ہوا تھا اس دوران اس نے بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بچ گئی۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بیوی کو قتل کرنے میں ناکامی پر ملزم نے اپنے تینوں بچوں کو بے رحمی سے مار ڈالا۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے بچوں کی شناخت مریم (10 سال)، معاذ (8 سال) اور محمد (6 سال) کے طور پر کی ہے۔
مصری پولیس کے تعاقب کے دوران ملزم نے خود کو ٹرین کے آگے آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس نے تمام لاشیں ہسپتال منتقل کر دی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اصل محرکات اور پس منظر سامنے آسکے۔
