Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسپورٹس جنرل اتھارٹی یوم وطنی 88کا جشن رنگا رنگ پروگرام کر کے منائے گی

    ریاض-  - - - سعودی اسپورٹس جنرل اتھارٹی یوم وطنی 88کا شاندار جشن رنگا رنگ پروگرام منعقد کر کے منائے گی۔ معاشرے کے تمام طبقوں کو یوم وطنی کی خوشیوں میں شریک کیا جائے گا۔ سعودی ویژن 2030کا ایک ہدف یہ بھی ہے کہ تمام فرزندان وطن کو وطن عزیز سے وابستگی کے اظہار کا بھرپور موقع دیا جائے۔ اسپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بہت سارے تفریحی پروگرام کھیلوں کی شکل میں ہوں گے۔ مثال کے طور پر بچوں کیلئے بولنگ ، فیملی کیلئے پن بال  ، بڑوں کیلئے گولف کا انتظام کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کھلاڑیوں کے جلوس بھی نکالے جائیں گے۔ پیشہ ور سعودی نوجوان پرجوش شو پیش کریں گے۔ اسپورٹس اتھارٹی ایک اہم پروگرام "جولہ الوطن"کے نام سے کرے گی۔ اس میں امیر محمد بن سلمان فٹبال کپ کے شائقین کو شریک کیا جائے گا۔ عوام میں سعودی عرب کے قومی پرچم تقسیم کئے جائیں گے۔ اسٹیڈیم کی اسکرینوں پر قومی فلمیں دکھائی جائیںگی۔ اسپورٹس اتھارٹی کے تمام اداروں کو سبز قمقموں سے سجایا جائے گا۔ کلبز کے اکاؤنٹس پر قومی جوش و خروش پیدا کرنے والی ویڈیو جاری کی جائیں گی۔ اس مرتبہ "النشاط الوطنی"کے نام سے فیملی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس کے تحت مختلف شو ہوںگے۔ کنگ خالد اسپورٹس سٹی ریاض، امیر عبداللہ اسپورٹس سٹی عرعر، کنگ فیصل اسپورٹس سٹی جازان، الامیر عبدالعزیز اسپورٹس سٹی حایل، کنگ سعود اسپورٹس سٹی باحہ، امیر سلطان بن عبدالعزیز اسپورٹس سٹی ابھاء اور کنگ فہد اسپورٹس سٹی طائف میں مختلف پروگرا م ہوں گے۔ امسال ایک نیا پروگرام "دام عزک یا وطن"کے نام سے منعقد کیا جائے گا۔ ا س کے تحت مملکت کے 3علاقوں ریاض کے کنگ عبداللہ الملز پارک، جدہ مسجد الرحمہ کورنش اور دمام ساحل پر موٹرسائیکل سوار اور پیدل دستہ اسپورٹس سرگرمیوں کی آگہی فراہم کرے گا۔ ریاض، جدہ  اور دمام میں موٹرسائیکل سوار قومی جلوس کی شکل میں نکلیں گے۔ موٹرسائیکلوں پر سبز قومی پرچم نصب ہوں گے۔ مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہوں گے۔ اونٹوں کی دوڑ بھی ہوگی۔ گاڑیوں اور ریموٹ کنٹرول جہاز اڑانے والے مقابلے بھی ہوں گے۔ ریاض کے بنبان ائیرپورٹ  سے دوپہر 2بجے سے لیکر رات 8بجے تک یہ پروگرام منعقد ہوگا۔
مزید پڑھیں:- - -  - -بادشاہ بننے سے قبل شاہ سلمان کی زندگی کے انوکھے واقعات

شیئر: