Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحاد بین المسلمین میں سعودی عرب کا کردار قائدانہ ہے، پاکستانی علماء

اسلام آباد.... پاکستانی علماء اور قائدین نے واضح کیا ہے کہ اتحاد بین المسلمین میں سعودی عرب کا کردار قائدانہ ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز علاقائی امن و استحکا م کے فروغ ، امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یگانگت اور مسلم دنیا کے مسائل کے حل کی کوششوں کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے حرمین شریفین کی خدمت، حجاج ، معتمرین اور زائرین کو شاندار خدمات فراہم کرنے پر سعودی عرب اور اسکے  عوام و قیادت کو خراج شکر و تحسین پیش کیا۔ حرمین شریفین کے دفاع کی تحریک نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے تعاون سے اسلام آباد میں عظیم الشان کانفرنس منعقد کی۔ عنوان تھا ’’پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات‘‘ پاکستانی  وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر اور سینیٹر ساجد میر نے اسکی سرپرستی کی۔ پاکستان میں سعودی ناظم الامور حبیب اللہ بخاری ، پاکستانی علماء ، اسلامی تنظیموں کے سربراہ ، پاکستانی ارکان پارلیمنٹ اور دانشور کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ حبیب اللہ بخاری نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مملکت کے ساتھ پاکستان کے تاریخی تعلقات ہیں۔ دنوں ملک ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔ تصورات میں ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے قائدین ایک  دوسرے کی مدد اور امت مسلمہ کی تقویت کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔  دونوں ملک امن و سلامتی کے تحفظ اور علاقائی و بین الاقوامی ترقی کے فروغ میں لگے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر امت مسلمہ کے مسائل و مفادات کا مشن اپنائے ہوئے ہیں۔ پاکستانی وزیر مذہبی امو رنے کہا کہ سعودی عرب نے ہر آزمائش او ر ہر کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ اسلام اور اسکے پیرو کاروں کی تن من دھن سے خدمت کی۔ حرمین شریفین کی پاسبانی  کو اپنی پہچان بنایا ہوا ہے اس پر مملکت ہم سب کے شکریہ کی مستحق ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صحیح معنوں میں اسلامی اخوت کے آئینہ دار ہیں۔ دونوں ملکوں نے مختلف اوقات میں اپنے کردار و گفتار سے باہمی اسلامی اخوت کو حقیقی شکل میں پیش کیا ہے۔
 

شیئر: