Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود کو شکست دینے والا رکن اسمبلی نااہل

اسلام آباد...الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 217ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے محمد سلمان کو عمر کم ہونے کی بناءپر نااہل قرار دیدیا ۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 217کے بارے میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کامیاب امیدوار محمد سلمان کو انتخابات لڑنے کےلئے عمر کی حد پوری نہ ہونے اور انتخابات کےلئے دوسرا شناختی کارڈ بنانے پر نااہل قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم جاری کردیا۔ واضح رہے کہ درخواست گزار نوید انجم کے وکلا نے کمیشن میں دلائل دیتے ہوئے کہاکہ حلقے سے کامیاب ہونے والے محمد سلمان کے تعلیمی ریکار میں نام محمد سلمان نعیم تھا اور تاریخ پیدائش28جنوری 1994تھی تاہم انتخابات میں حصہ لینے کےلئے عمر کم ہونے پر تاریخ پیدائش میں تبدیلی کرکے یکم فروری 1993کردیا تھا ۔اسی تاریخ پیدائش کے ساتھ نیا شناختی کارڈ بنوایا۔ اسی طرح پہلے نام محمد سلمان نعیم تھا جسے بعد میں محمد سلمان کردیا گیا تاہم نام کی تبدیلی کے بارے میں کسی قسم کی درخواست نہیں کی گئی۔نادرا حکام کی ملی بھگت سے تاریخ پیدائش میں تبدیلی کرنے کے ساتھ اپنا پرانا شناختی کارڈ بھی جمع نہیں کرایا گیا۔ انہوںنے مزید کہاکہ محمد سلمان نعیم کے نام پر 2018ءتک عمرہ سمیت غیرملکی سفر بھی کئے اور اپنے پاسپورٹ کو تبدیل نہیں کیا ۔ اسی طرح ایک گاڑی بھی کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کی ۔ انتخابات کےلئے اپنی عمر میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں غلط بیانی پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ تحریک انصاف کے امیدوار محمد سلمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ میرے موکل نے کسی قسم کی غلط بیانی نہیں کی اور نہ ہی ان کے خلاف کسی قسم کے کریمنل کیسز رجسٹرڈ ہیں جس کےلئے انہوںنے نام یا عمر تبدیل کی ہو۔ انہوںنے کہاکہ یونین کونسل کے ریکارڈ میں یکم فروری 1993ءلکھی ہوئی تھی ۔ ا سکول ریکارڈ میں 28جنوری1994لکھی گئی تھی جسے درست کیا گیا ہے۔ 

شیئر: