Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں بڑے منصوبے کا افتتاح‘ شہری خوش

کراچی: شہر میں طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ اور تباہی کے شکار منگھو پیر روڈ کی تعمیر اور پائپ لائن بھچانے کے منصوبے کا بالآخر سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کراچی پیکیج پر عمل کے لیے خصوصی توجہ دی ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کا کراچی میں وفاق کی معاونت سے شروع ہونے والا یہ پہلا منصوبہ ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر مزید کہا کہ منصوبے کے لیے میئر کراچی، منتخب اراکین، عوام اور سائٹ ایسوسی ایشن نے بہت محنت کی ہے۔ عنقریب شہریوں کو 5 پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر کے منصوبے شروع کیے جانے کی بھی خوش خبری سنائی جائے گی۔ میئرکراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ منصوبے کے آغاز پر گورنر سندھ اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔سنگ بنیاد کی تقریب کافی عرصے سے زیر التو تھی۔اس پیکیج کے لیے ایم کیو ایم نے اور بطور میئر میں نے بہت جدوجہد کی۔ہم نے منصوبہ بندی کے ساتھ وفاق کو ان منصوبوں کی تجویز دی اور مسلسل زور دیتے رہے۔ گورنر سندھ اور وزیر اعظم کی دلچسپی سے اس منصوبے کا جلد آغاز ممکن ہوا۔ انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں رہنے والے شہری عرصہ دراز سے ٹریفک سمیت دیگر بے پناہ مسائل کا شکار تھے۔ حالیہ منصوبہ شروع کیے جانے کی خبروں سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
 
 

شیئر: