Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل میچ میں اظہر علی کا اسکول کرکٹ جیسا رن آوٹ

ابوظبی:دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا عجیب انداز میں ''رن آوٹ '' ہونا موضوع بحث بنا ہوا ہے۔پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان و اوپنراور اب معروف کمنٹیٹر رمیز راجا نے اسے اظہر علی کی بے وقوفی قرار دیا ہے۔رمیزنے کہا کہ اس انداز میں تو اسکول کرکٹ میں بچے آوٹ ہوتے ہیں تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں اظہر علی نے یہ نظارہ دکھا دیا اورایسا یہاں شاید ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہوگا،اسی لیے کہتے ہیں کہ کھیل کی تعلیم ضروری ہے۔ رمیز راجہ خود بھی 20نومبر 1987کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں 'آبسٹرسٹنگ دی فیلڈ' یعنی فیلڈنگ میں رکاوٹ کے باعث 99رنز پر آوٹ ہو چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز عقل استعمال کرنے کو وقت کا زیاں تصور کرتے ہیں اور اس معاملے میں، میں خود کو ان کا صدر سمجھتا ہوں، میں خود بھی ایسا کر چکا ہوں۔انہوں نے معروف انگریزی فلم 'ڈمب اینڈ ڈمبر' کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ایسی فلم بنائیں گے تو اظہر علی اور آسڑیلیا کے مارنس لبو شین کو ضرور اس میں ہیرو لیں گے۔ اظہر علی 64 کے انفرادی اسکور پر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضحکہ خیز انداز میں رن آوٹ ہو گئے جبکہ اس غلطی میں ان کے ساتھ ایک اور سینیئر کھلاڑی اسد شفیق بھی شریک ہیں جو اظہر علی کی طرح بے خبری کا شکار رہے ۔اس صورتحال پر کمنٹیٹرز نے جی بھر کر دونوں کا مذاق اڑایا ۔ 64 رنز پر کھیلنے والے اظہر علی نے آسٹریلوی بولر پیٹر سڈل کی گیند پر شاٹ کھیلا ، گیند کو تیزی سے باونڈری لائن کی جانب جاتا دیکھ کر یہ تصور کرلیا کہ چوکا ہوگیا اور گیند یا امپائر کی جانب دیکھنے کے بجائے پچ کے درمیان میں اسد شفیق کے ساتھ کھڑے ہوکر باتیں کرنے لگے، اسد شفیق نے بھی گیند کو دیکھنے کی زحمت نہیں کی ۔ دوسری جانب گیندچوکے سے پہلے ہی رک گئی۔ مچل اسٹرک نے گیند اٹھائی اور وکٹ کیپر کی جانب پھینک دی جس نے اطمینان سے بیلز اڑا دیں۔جب آسٹریلوی ٹیم نے وکٹ لینے پر جشن منانا شروع کیا تب بھی غفلت میں ڈوبے بیٹسمین صورتحال کو سمجھ نہ پائے، امپائر نے اظہر علی کے رن آوٹ ہونے کی تصدیق کی تو دونوں سینئر کھلاڑی ہکا بکا رہ گئے تاہم ہوش آنے تک اظہر علی اپنی وکٹ گنوا چکے تھے۔ یہ سب کچھ دیکھتے ہوئے کوچ مکی آرتھر بھی پریشان نظر آئے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: