Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

"سرمایہ کاری مستقبل "فورم شروع ،212ارب ریال کے معاہدوں پر دستخط

    ریاض-  - - -  سرمایہ کاری مستقبل فورم منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں شروع ہو گیا۔ 3دن تک اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ہزاروں افراد شرکت کر رہے ہیں۔ 40سے زیادہ اجلاسوں سے 150سے زیادہ اعلیٰ عہدیدار، سرمایہ کار اور رہنما خطاب کر یں گے۔ ولی عہد نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع و سربراہ اقتصادی وترقیاتی امو رکونسل و سربراہ پبلک انوسٹمنٹ فنڈ شہزادہ محمد بن سلمان اس کی صدارت کر رہے ہیں۔ ماہرین اقتصاد اور سرمایہ کاری کے قافلہ سالار اس میں شریک ہیں۔ 140سے زیادہ اداروں کی  نمائندہ شخصیتیں موجود ہیں۔  شاہ اردن ، ولی عہد بحرین، پاکستان و امارات کے وزرائے اعظم اور ایتھوپیا کے نائب وزیراعظم نیز مختلف ممالک کے وزراء افتتاحی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ا س موقع پر آرامکو نے اسٹراٹیجک شعبوں اور تعاون کیلئے 3براعظموں کے 8ممالک کی 15کمپنیوں و اداروں کے ساتھ 212 ارب ریال  لاگت (56.5ارب ڈالر) کی   25مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کر دیئے۔ معاہدوں کا تعلق جازان میں پٹروکیمیکل کمپلیکس کے قیام ، ساتورب آئل ریفائنری کے دوسرے مرحلے کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، مال بردار  ریلوے بوگیاں تیار کرنے او رجازان میں برقی توانائی اور گیس منصوبے نیز  اسٹیل فیکٹری وغیرہ سے ہے۔ علاوہ ازیں زمینی کھدائی کے آلات سازی ، بری پل کے منصوبے اور حرمین ایکسپریس ٹرین کے دوسرے حصے کی بابت بھی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دسیوں منصوبے سعودی عرب میں شروع کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے بھی معاہدے کئے گئے۔ پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے نگران اعلیٰ یاسر الرمیان نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری دنیا کو درپیش بعض مشکل ترین چیلنجوں کا سامنا کر سکتی ہے۔ اسی مقصد کیلئے فیوچر انوسٹمنٹ فورم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ عالمی پلیٹ فارم ہے اس کی بدولت مستقبل میں سرمایہ کاری کی بابت رجحانات کا علم ہو گا۔ نئے اقتصادی امکانات منکشف ہوں گے۔ سرمایہ کاروں اور اقتصادی دنیا کے قافلہ سالاروں کے درمیان ربط و ضبط سے بہت سارے نئے دریچے کھلیں گے۔ منگل کو ہونے والے افتتاحی اجلاس میں اس امر پر مباحثہ ہوا کہ سرمایہ کاری بنی نوع انسان کو مستقبل سے متعلق مشترکہ تصو رکی شکل میں دے سکتی ہے۔ اس میں روس ، سعودی عرب اور امارات کے ریاستی فنڈز کے نمائندے شریک ہوئے۔ فورم کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے متعدد سربراہ اور افریقی عرب ایشیائی ممالک کی منتخب شخصیتیں شرکت کریں گی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فورم کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ آج کی کانفرنس عظیم ہے۔ مزید شخصیات اور مزید دولت کا محور ہے۔ انہو ںنے افتتاحی اجلاس کے موقع پر کانفرنس ہال کا معائنہ بھی کیا۔ کانفرنس کے شرکاء کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی ۔ اس حوالے سے ان کی ایک سیلفی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں ایک مہمان سیلفی لیتے ہوئے الجھ گیا تھا صحیح طریقے سے نہیں لے پایا تھا ۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے بے ساختہ اس سے موبائل لے کر موزوں طریقے سے سیلفی بنانے میں تعاون کیا۔ جس پر حاضرین نے پسندیدگی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -  -خاشقجی کی موت کے ذمہ دار اعلیٰ سے اعلیٰ عہدیدار کا احتساب کرینگے ، شاہ سلمان
 
 

شیئر: