Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ اور سلمان نیب میں طلب‘ شہباز شریف کے گرد گھیرا تنگ

لاہور:  نیب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بیٹوں حمزہ اور سلمان شہباز کو 30 اکتوبر بروز منگل طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے ن لیگ کے قائد کے گرد گھیرا روز بروز تنگ کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رمضان شوگر ملز کیس میں پیش رفت کے بعد حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی طلبی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں صاف پانی کمپنی کی تکنیکی ٹیم نے بھی شہباز شریف سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شوگر ملز کیس میں حکومتی خزانے سے ادائیگیوں کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ چنیوٹ میں شوگر مل کے لیے مبینہ طور پر سرکاری خزانے سے پل تعمیر کرایا گیا جس پر 20 کروڑ سے زائد کے اخراجات آئے اور اس کا حکم سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دیا تھا۔
علاوہ ازیں صاف پانی اسکینڈل میں آنے والی پیش رفت کے مطابق نیب نے کئی بیانات ریکارڈ کیے ہیں جس میں تکنیکی ٹیم کا بیان بھی شامل ہے جس کے بعد بتایا جاتا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹوں سمیت 8 افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
 
مزید پڑھیں:- - - -دھوبی کی بھی جعلی کمپنی نکل آئی

شیئر: