Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف جسٹس کے دورہ لندن کا شیڈول

اسلام آباد:  سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے بیرون ملک دورے کا شیڈول سامنے آ گیا، جس کے مطابق چیف جسٹس 20 نومبر سے 28 نومبر تک ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے برطانیہ کے دورے پر ہوں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف جسٹس 20 نومبر کو لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔
دورے کی تفصیلات کے مطابق 21 نومبر کو Gray's Inn کے ہال میں ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں چیف جسٹس شریک ہوں گے جبکہ اگلے روز 22 نومبر کو رائل نواب بلڈنگ، 23 نومبر کو مانچسٹر میں ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب منعقد ہوگی جہاں چیف جسٹس شرکت کریں گے۔
شیڈول کے مطابق 25 نومبر کو چیف جسٹس لندن واپس پہنچیں گے اور ڈاکٹر طارق محمود کی جانب سے ترتیب دیے گئے فنڈ ریزنگ پروگرام میں شرکت کریں گے۔ دورہ لندن کے دوران فنڈ ریزنگ کی آخری تقریب 26 نومبر کو لندن میں ہوگی جس کا انتظام معروف پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ 28 نومبر کو چیف جسٹس پاکستان واپس پہنچیں گے۔ ڈیم فنڈ ریزنگ کے لیے سپریم کورٹ کے وکیل میاں ظفر اقبال کلانوری بھی چیف جسٹس کے ہمراہ ہوں گے۔  ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اس دورے کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ بھی 20نومبر سے ملک سے باہر دورے پر ہوں گے۔ چیف جسٹس اور سینئر ترین جج کی عدم موجودگی میں جسٹس گلزار احمد کے بطور قائم مقام چیف جسٹس تقرر کا نوٹیفکیشن وزارت قانون کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے ۔
مزید پڑھیں:- - - - ایف بی آر کا اعظم سواتی کی معلومات افشا کرنے سے انکار
 

شیئر: