Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی محکمہ افرادی قوت نے روزگار کیلئے تارکین وطن پر نئی شرائط عائد کردیں

کویت .... کویتی محکمہ افرادی قوت نے روزگار کیلئے تارکین وطن پر نئی شرائط عائد کردیں۔ نجی اداروں میں نگراں عہدوں پر برسرروزگار اور ورک پرمٹ کے حامل تارکین وطن کے ہزاروں گریڈ منسوخ کردیئے۔ یہ اقدام تارکین وطن کی ڈگریوں کا ریکارڈ منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا۔ کویت کے الرای اخبار نے اسکی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ مبینہ عہدوں پر فائز تارکین وطن کے پاس کوئی اعلیٰ ڈگری نہیں تھی ۔ علاوہ ازیں انہوں نے ملازمت کیلئے جو ڈگریاں پیش کی تھیں وہ نہ ہی اپنے وطن سے تصدیق شدہ تھیں اور نہ ہی کویت وزارت خارجہ سے ان کی تصدیق کرائی گئی تھیں۔ سرکاری عہدیدار کے حوالے سے الرای اخبار نے بتایا کہ کویتی محکمہ افرادی قوت نے اعلیٰ ڈگریاں رکھنے والے تارکین وطن کے ورک پرمٹ میں توسیع کی شرط یہ رکھی ہے کہ اصلی سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے۔ سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ممالک کے متعلقہ اداروں سے سرٹیفکیٹ تصدیق شدہ ہو۔ کویت کے متعلقہ اداروں سے بھی اسکی تصدیق کرالی گئی ہو۔ الرای اخبار کا کہنا ہے کہ ہزاروں تارکین کے ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ انکے پاس کوئی تعلیمی سند نہیں۔ہزاروں ایسے ہیں جن کے پاس اعلیٰ ڈگریاں نہیں ۔ اسکی وجہ سے انکی آسامی کے گریڈ منسوخ کردیئے گئے۔ جن گریڈز پر یہ لوگ کام کررہے تھے وہ اعلیٰ ڈگریاں رکھنے والوں کیلئے مخصوص ہیں۔ 3طرح کے افراد سامنے آئے ہیں۔ ایک تو وہ جن کے پاس کوئی سرٹیفکیٹ ہی نہیں ، دوسرے وہ جن کے پاس سرٹیفکیٹ تو ہیں مگر اسکی تصدیق و توثیق نہیں کرائی گئی اورتیسرے وہ ہیں جن کے پاس معمولی ڈگریاں ہیں اعلیٰ نہیں۔

شیئر: