Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی : کینگروز نے ہند کو 4رنز سے شکست دیدی

میلبورن:آسٹریلیا نے3 ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعدہند کو 4رنز سے شکست دے کر 3میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، بارش سے متاثرہ میچ کو17،17اوورز تک محدود کیا گیا تھا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے158رنز بنائے اور اس کے 4کھلاڑی آوٹ ہوئے ۔ ہندوستانی ٹیم کو ڈک ورتھ لیوئس میتھڈ کے تحت میچ میں فتح کیلئے 174رنز کا ہدف ملا لیکن مہمان ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر169رنز ہی بنا سکی ۔ مارکوس اسٹوئنز نے آخری اوور میں نہ صرف ہندوستانی بیٹسمینوں کو 13اسکور کرنے سے روکا بلکہ 2وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ بھی پلٹ دیا ۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے اوپنر شیکھر دھون نے76رنز اسکور کرکے ہدف تک رسائی کی راہ ہموار کی تھی لیکن ان کے آوٹ ہونے کے بعد رنز کی رفتار سست ہوگئی، دنیش کارتھک اور رشبھ پنت نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں میزبان بولرز کو بے بس کرتے ہوئے 51رنز بنا کر میچ کو دلچسپ اور سنسنی خیز بنادیا تھا اور یوں محسوس ہورہا تھا کہ یہ دونوںٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیں گے لیکن اینڈریو ٹائے نے یہ شراکت توڑ دی اور پنت کو20کے انفرادی اسکور پر آوٹ کردیا ۔ جیسن بہرنڈورف بہت شاندار کیچ پکڑ تے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لائے جس کے بعد آخری اوور میں اسٹوئنز نے پہلے کرونل پانڈیا اور پھر دنیش کارتھک کو آوٹ کرکے آسٹریلیا کو فتح کے قریب پہنچادیا ۔کلدیپ یادو اور بھونیشور کمار وکٹ پر موجود تھے لیکن وہ باقی9رنز پورے نہ کرسکے اور صرف5رنز ہی بن سکے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 17اوورز میںگلین میکسویل کے 46 ،کرس لین کے37اورماکوس اسٹوئنز کے33رنز کی بدولت 158رنز بنائے،17اوور کی پہلی گیند کے بعد بارش شروع ہو گئی اور دوبارہ کھیل شروع ہونے پراوور ختم ہونے پر میچ کو بھی17،17اوورز تک محدود کرکے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہند کو فتح کے لئے 174کا تبدیل شدہ ہدف دیا گیا تھا ۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ27رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ہند کے جانب سے کلدیپ یادو نے2جبکہ خلیل احمد اور بھونیشور کمار ایک،ایک وکٹ لے سکے۔ ہدف کے تعاقب میں ہند کی جانب سے شیکھر دھون نمایاں رہے تاہم کپتان سمیت ٹاپ آرڈر کا کوئی بیٹسمین اچھی بیٹنگ نہیں کر سکا۔ مڈل آرڈر میں دنیش کارتھک اور رشبھ پنت نے بالترتیب 30 اور 20رنز کی اننگز کھیلیں تاہم ہدف تک رسائی ممکن نہ ہو سکی۔ ایڈم زامپا کو لوکیش راہول اور ویرات کوہلی کی اہم وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: