Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میڈیا یونیورسٹی بنے گی،فواد چوہدری

اسلام آباد... وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے حکومت سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کےلئے اقدامات پر غور کر رہی ہے تاہم یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عالمی سطح پر سوشل میڈیا کے بڑے بڑے اداروں کے معاہدے نہ کئے جائیں۔پاکستان میں میڈیا کا بحران مصنوعی طور پر پیدا کردہ ہے۔ میڈیا ایڈورٹائزنگ کو 10 ارب روپے سے بڑھا کر 35 ارب روپے تک لے جایا گیا تھا جس میں 60فیصد حکومت کی جانب سے فراہم کیا جاتا رہا ۔ معاشی طور پر مشکلات کے شکار ملک میں عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے اب یہ ممکن نہیں کہ انہیں اشتہارات پر لگایا جائے ۔سیمینارسے خطاب کے دوران انہوںنے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد اورموثر ہے۔ پاکستان میں میڈیا کوترقی یافتہ ممالک کی طرح آزادی حاصل ہے۔ہمارے میڈیا کا مقابلہ ترقی یافتہ ممالک سے ہوتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنا چاہتی ہے کیونکہ بہت زیادہ معلومات تنازعات کو بڑھا دیتی ہے۔ پمرا کو ختم کرکے تمام میڈیا کے شعبوں کیلئے ایک اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ ہمیں اپنی ثقافت اور ڈراموں کو بہتر کرنا ہے۔ پاکستان میڈیا یونیورسٹی بنانے جارہے ہیں۔انفارمیشن سروس اکیڈمی اور دیگر کو ضم کیا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارا میڈیا پالیسی دورجدید سے ہم آہنگ ہو۔ 

شیئر: