Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل نے مسجد نبوی کے جنوب میں میوزیم اور پارک کا سنگ بنیادرکھ دیا

مدینہ منورہ.... گورنر مدینہ منورہ اور علاقے کی ترقیاتی کمیٹی کے سربراہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد نبوی کے جنوب میں میوزیم اور الصافیہ باغ منصوبے کا سنگ بنیا د رکھ دیا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ منصوبہ 4ہزار 419 مربع میٹر پر تعمیر کیاجائے گا ۔ مجوزہ منصوبہ 3 اجزاءپر مشتمل ہو گا جس میں مرکزی حصہ ثقافتی پارک پر مشتمل ہے جبکہ تفریحی اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے بھی مقامات مخصوص کئے جائیںگے ۔منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد گورنر مدینہ منورہ شہزارہ فیصل بن سلمان کو منصوبے کے بارے میں سلائیڈز کے ذریعے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ۔ مجوزہ منصوبہ آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہو گا ۔ منصوبے میں تعمیر ہونے والے پارک میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے نخلستان بھی بنایا جائے گا جو شہر مقدس کی خصوصی پہچان ہے ۔پارک میں فوارے اور حوض بھی بنائے جائیں گے جس کی وجہ سے منظر انتہائی خوبصورت ہوگا ۔ ثقافتی پارک میں آنے والوں کی سہولت کےلئے فوڈ کارنر اور تجارتی دکانوں کے لئے بھی علاقے کو مخصوص کیاجائے گا جہاں زائرین اپنی ضرورت کی اشیاءخرید سکیں گے ۔ مجوزہ منصوبے کو انتہائی جدید ترین خطوط پر تیار کیا گیا ہے جس کی تیاری کے لئے 15 انجینیئرنگ کے اداروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ منصوبہ اپنی نوعیت کا منفرد ہو گا جو مکمل ہونے کے بعد سیاحوں اورزائرین کی توجہ کا مرکز بنے گا ۔ اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے کہ نخلستان اور مجوزہ ثقافتی پارک کی تعمیر سے ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا جس سے زائرین بھی لطف اندوز ہونگے ۔ منصوبے میں میوزیم بھی بنایا جائے گا جہاں نادر اشیاءلوگوں کے لئے رکھی جائیں گی ۔ مجوزہ منصوبے میں اس امر کا بھی خاص طور پر خیال رکھا گیاہے کہ وہاں تعمیر کئے جانے والے پارک میں آنے والوں کے لئے تمام سہولتیں موجود ہوں اور جس سے لوگوں کو کافی سہولت ہو گی ۔ 

شیئر: