ڈاکار ریلی 2026: فورڈ تیسرے مرحلے میں آگے، امریکی ڈرائیور گاتھری کی شاندار کارکردگی
مچ گاتھری جونیئر نے کہا کہ ان کے ساتھی ڈرائیور کیلون والچ نے نیویگیشن میں کمال دکھایا۔ (فوٹو: اے پی)
فورڈ ریپٹرز نے ڈاکار ریلی میں ٹاپ پانچ پوزیشنیں حاصل کر لیں اور امریکی ڈرائیور مچ گاتھری جونیئر نے سعودی عرب میں 421 کلومیٹر کے تیسرے مرحلے میں پہلی بار کار کی اعلیٰ کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی۔
گاتھری نے العلا میں شروع اور اختتامی مرحلے کو مکمل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 26 سیکنڈ کی برتری کے ساتھ چیکیا کے ڈرائیور مارٹن پروکوپ پر سبقت حاصل کی جبکہ سویڈن کے میتیئس ایکستروم تیسری پوزیشن پر رہے۔
مچ گاتھری جونیئر نے کہا کہ ان کے ساتھی ڈرائیور کیلون والچ نے نیویگیشن میں کمال دکھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’کئی مشکل مقامات تھے لیکن ہمیں کسی ٹائر پنکچر کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ کار شاندار تھی، اس لیے ہم پورا دن مسلسل آگے بڑھتے رہے۔‘
سپین کے کارلوس سینز چار مرتبہ ڈاکار ریلی جیت چکے ہیں اور 63 سال کی عمر میں بھی مقابلے میں حصہ لے ہیں، مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر تھے، جبکہ ان کے ہم وطن نانی روما پانچویں پوزیشن پر رہے۔
برازیل کے لوکاس موریئس چھٹے نمبر پر تھے جبکہ ڈیشیا سینڈرائیڈر ٹیم کے ساتھی کرسٹینا گتیریز، ناصر العطیہ اور سباسچیئن لوب بالترتیب ساتویں، دسویں اور بارہویں پوزیشن پر تھے۔
پانچ مرتبہ کے فاتح قطری ریسر ناصر العطیہ پیر کے مرحلے کے بعد رینکنگ میں آگے تھے لیکن وہ مجموعی طور پر 11 منٹ 39 سیکنڈ پیچھے رہ گئے۔

العطیہ، جن کے ٹائر دو مرتبہ پنکچر ہوئے، پیر کے پہلے چھ ڈرائیوروں میں واحد تھے جو ٹاپ 10 میں شامل رہے۔ ٹویوٹا نے پیر کے مرحلے میں پہلے پانچ مقامات حاصل کیے تھے۔
نو مرتبہ کے عالمی ریلی چیمپئن سباسچیئن لوب کا بھی پہلے 100 کلومیٹر میں دو ٹائر پنکچر ہونے کی وجہ سے وقت ضائع ہوا اور اس کے بعد سپئر ٹائر دستیاب نہیں تھے۔

فرانسیسی ڈرائیور نے کہا کہ ’ٹائر پنکچر سے بچنے کے لیے ہم تقریباً اپنی صلاحیت کا 20 فیصد استعمال کر کے ڈرائیو کر رہے تھے لیکن پھر بھی ٹائر پنکچر ہو گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں صرف خوش ہوں کہ ہم ریس ختم کر پائے کیونکہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مجھے لگا کہ شاید ہم نہیں پہنچ پائیں گے۔‘

موٹرسائیکل کی کیٹیگری میں سپین کے ٹوشا شیئرینا نے ہونڈا کے مرحلے میں کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا کے موجودہ چیمپئن ڈینیئل سینڈرز نے کے ٹی ایم پر مجموعی برتری برقرار رکھی، وہ ہونڈا کے رکی بریبیک سے ایک منٹ اور سات سیکنڈ آگے ہیں۔
بدھ کا چوتھا مرحلہ 417 کلومیٹر طویل ہے جو العلا سے شروع ہو کر صحرا میں رات گزارنے والے کیمپ پر ختم ہوگا۔