Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا ٹور سائیکلنگ ریس 2026، دنیا کی بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی

العلا ٹور 2026 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سائیکلنگ ریس کو یو سی آئی پرو سیریز کے دوسرے درجے (پرو ٹو) میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے جس سے یہ دنیا کی سرکردہ پیشہ ورانہ سائیکلنگ ریسوں میں شامل ہو گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ایونٹ 27 سے 31 جنوری تک العلاگورنریٹ میں منعقد کیا جائے گا۔ اسے سعودی سائیکلنگ فیڈریشن، اموری سپورٹ آرگنائزیشن (اے ایس او) اور العلا رائل کمیشن کے تعاون سے اور وزارت کھیل کی نگرانی میں منعقد کیا جائے گا۔
پیر کو یہ اعلان ریاض میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا  جس میں اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ منتظمین نے بتایا کہ ایونٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں اور سعودی قومی سائیکلنگ ٹیم بھی حصہ لیں گی۔
العلا ٹور پانچ مراحل میں منعقد ہوگا، جن میں مختلف راستے شامل ہیں جو رفتار اور برداشت دونوں کا امتحان لیتے ہیں اور دنیا کے سب سے منفرد قدرتی اور تاریخی مقامات میں سے ایک میں ایک منفرد کھیل کا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
منگل 27 جنوری کو پہلے مرحلے کا آغاز العلا کی کیمل کپ ٹریک سے شروع ہوگا اور 158 کلومیٹر کا راستہ طے کرکے واپس اسی جگہ پر ختم ہوگا۔
بدھ  28 جنوری کو دوسرا مرحلہ المنشیہ ٹرین سٹیشن سے شروع ہوگا اور 152 کلومیٹر کے فاصلے کے بعد واپس اسی سٹیشن پر ختم ہوگا۔
 جمعرات 29 جنوری کو  تیسرا مرحلہ ونٹر پارک سے شروع ہوگا اور 142 کلومیٹر کے بعد بیئر جیدہ ماؤنٹین ورکہ پر ختم ہوگا۔
جمعہ 30 جنوری کو چوتھا مرحلہ ونٹر پارک سے شروع ہوگا اور 184 کلومیٹر کے بعد شلال سجلیات راکس پر ختم ہوگا۔
یہ ٹور سنیچر 31 جنوری کو ختم ہوگا جب پانچواں مرحلہ العلا اولڈ ٹاؤن سے شروع ہو کر 164 کلومیٹر کا راستہ طے کرتے ہوئے حرہ ویو پوائنٹ پر ختم ہوگا۔

شیئر: