Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیم تعمیر کےلئے موبائل کارڈ پر ٹیکس کی تجویز

لندن: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ کے لیے موبائل کارڈ پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی ہے تاہم اس کے لیے انہوں نے عوام سے رائے مانگی ہے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ مافیا نے لوگوں کا پانی روک رکھا ہے اس لیے لوگ قلت آب کا شکار ہیں۔ کیا گزشتہ 40 سال سے ڈیم کی تعمیر نہ کرنا مجرمانہ غفلت نہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ حدیث ہے کہ دریا کے کنارے بھی بیٹھے ہوں تو پانی ضائع نہ کریں اور وضو کرتے ہوئے بھی پانی ضائع کرنے کی ممانعت ہے۔ اوورسیز پاکستانی کسی بھی مشکل میں سب سے پہلے مدد کرتے ہیں۔ کراچی میں پانی کا معاملہ خراب دیکھ کر اس مسئلے کو اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ 1956ءمیں آیا مگر چاروں بھائی متفق نہیں، ڈیم بننے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، دریائے سندھ ہمارا ہے ، اس کے ایک انچ پر ڈیم بننا چاہیے ۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ڈیم فنڈ قوم کی امانت ہے جس پر کسی کو ڈاکا نہیں مارنے دوں گا۔ کسی ایماندار شخص کے حوالے کرکے جاﺅں گا۔ ڈیم کے لیے 14 ارب ڈالر چاہئے۔ ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے پاکستانیوں پر مزید ٹیکس نہیں چاہتے ، مگر پری پیڈ موبائل کارڈز پر ختم کردہ ٹیکس ڈیم کے لیے لینے کی تجویز ہے۔ قوم نے اجازت دی تو ڈیم کے لیے موبائل کارڈ پر ٹیکس لگائیں گے ، قوم میری تجویز پر اپنی رائے ضرور دے ۔
 
 

شیئر: