Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی قائدین مکمل باہمی تعاون کے احیا پر متفق

ریاض ۔۔۔۔ خلیجی سربراہ کانفرنس 39اتوار کو اختتام پذیر ہوگئی۔ سیکریٹری جنرل عبداللطیف الزیانی نے اختتام پر ”اعلان الریاض“ کے نام سے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ خلیجی قائدین نے اس امر کی تاکید کی کہ خلیجی تعاون کونسل قائم رکھی جائیگی۔ مشترکہ جدوجہد کو فروغ دیا جائیگا۔ خطے کے امن و استحکام کو درپیش خطرات کا مقابلہ مل جل کر کیا جائیگا۔ اقتصادی چیلنجوں سے نمٹا جائیگا۔ خلیجی ممالک کے شہریوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے کونسل ممالک کے درمیان مزید یکجہتی پیدا کی جائیگی۔ خلیجی قائدین نے روڈ میپ برائے تعاون و یکجہتی کی اہمیت کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے اقتصادی معاہدے کی دفعات پر مکمل عملدرآمد ، درپیش رکاوٹوں کے ازالے اور مکمل اقتصادی تعاون کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عہد وپیمان کیا۔انہوں نے جی سی سی کی مشترکہ عسکری کمانڈ کے کمانڈر کی تقرری کو مشترکہ دفاعی نظام کی تکمیل کی جہت میں اہم اقدام قرار دیا۔خلیجی اکیڈمی برائے اسٹراٹیجک و سیکیورٹی مطالعات کے قیام کی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ خطے کے امن و استحکام میں کونسل کے کلیدی کردار ، دہشتگرد تنظیموں کے انسداد میں مکمل تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کونسل کی مشترکہ خارجہ پالیسی ترتیب دینے کی اہمیت کی تاکید کی۔ مسئلہ فلسطین کی حمایت اور فلسطینیوں میں اتحاد و اتفاق کو یقینی بنانے پر زوردیاگیا۔ انہوں نے اسٹراٹیجک شراکت ، اقتصادی و ثقافتی تعاون کے رشتے مضبوط بنانے ، سیاسی اور امن و امان کے سلسلے میں یکجہتی پیدا کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعاون کی پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ خلیجی قائدین نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ جی سی سی ممالک کے عوام نجی ادارے ، خواتین اور نجی تنظیموں کی اہمیت کو عملی طور پر بھی تسلیم کیا جائے۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ خلیجی قائدین قطر کے بحران کو خلیجی تعاون کونسل پر اثر انداز نہ ہونے دینے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔ قطر کو پتہ ہے کہ اسے موثر رکن بننے کیلئے کیا کرنا ہے۔

شیئر: