Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرضی سیل والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری

ریاض۔۔۔۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے فرضی رعایتی سیل لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے ۔ الریاض اخبار کے مطابق وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے قانون شکنی کرنےوالوں کےخلا ف مہم کے دوران الزلفی کمشنری میں 2 فارمیسی مالکان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ مذکورہ فارمیسیوں پر صارفین کو دھوکہ دینے کےلئے فرضی رعایتی سیل کے بورڈ لگا کر قانون شکنی کی گئی تھی ۔ رعایتی سیل کےلئے مذکورہ فارمیسی مالکان مقررہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اصل نرخوں سے زائد پر سیل لگا کر یہ ظاہر کیا کرتے تھے کہ وہ کم قیمت میں اشیاءفروخت کر رہے ہیں جو کہ واضح طور پر دھوکہ دہی کے زمرے میں آتا ہے ۔ وزارت تجارت کے ذرائع نے مزید بتایا کہ مذکورہ فارمیسز کے خلاف مقدمہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ان پر جرمانے عائد کرنے کاحکم صادر کیا ۔ علاوہ ازیں ان فارمیسز کے بارے میںدھوکہ دہی کے سلسلے میں اشتہاری مہم کا بھی حکم دیا گیا ۔ وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق اگر کوئی بھی تجارتی ادارہ اپنے سامان تجارت پر رعایت کا اعلان کرتا ہے تو اسے چاہئے کہ وہ پروڈکٹ کا اصل نرخ ، مصنوعات کے میک ، برانڈ اور دیگر تفصیلات سے وزارت کو تحریری طور پر مطلع کرتے ہوئے یہ واضح کر ے کہ رعایت کتنے فیصد دینے کاخواہشمند ہے ۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری کا مخصوص شعبہ معلومات کا جائزہ لینے کے بعد اس ادارے کو رعایتی سیل کا بورڈ لگانے کا سرٹیفیکٹ جاری کرتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں بعض دکانداروں نے اپنے سامان پر رعایتی سیل کے بورڈ لگائے ہوئے ہیں جن کے خلاف تادیبی مہم تیز کر دی گئی ہے جو قانون شکنی کے مرتکب پائے جائیں گے ان کے خلاف عدالتی کارروائی کی جاتی ہے ۔
 

شیئر: