Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدرسے کے طلباءپر وحشیانہ تشدد‘ معلم گرفتار

حیدر آباد: مسجد میں قرآن سیکھنے کے لیے آنے والے بچوں پر تشدد کرنے والے معلم کو حیدر آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ایک نمازی نے موبائل فون سے تشدد کی وڈیو بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پولیس تک پہنچی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے معلم کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع مسجد میں ناظرہ قرآن کی تعلیم کیلئے آنے والے بچوں پر استاد کی جانب سے بدترین تشدد کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایس ایس پی حیدرآباد نے اس کا نوٹس لیا جس کے بعد معلم کو حراست میں لے لیا گیا۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معلم بچوں کو پائپ سے مارتا ہے اور ایک نمازی اسے مارنے سے منع کرتا ہے جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوتی ہے۔ نمازی کی جانب سے منع کیے جانے کے باوجود معلم کہتا ہے کہ آپ نماز پڑھیں۔ جان سے بھی مار دوں تو کوئی کچھ نہیں کہے گا جس کے بعد معلم بچوں کو دوبارہ مارتا ہے ۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وڈیو بنانے والا شخص ایک بچے سے پوچھتا ہے کہ کیا آپ کو سبق یاد نہ کرنے پر مارا جارہا ہے جس پر بچے نے کہا کہ وہ 2 روز سے مدرسے نہیں آیا تھا۔ بچوں پر تشدد کرنے والے استاد کی شناخت شبیر احمد ولد غلام حسین کے نام سے ہوئی ہے اور ایس ایس پی حیدرآباد نے بھی تصدیق کی ہے کہ بچوں پر تشدد کرنے والے معلم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
 
 

شیئر: