Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برٹش ائیر ویز پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرے گی

اسلام آباد... برطانوی حکومت نے نئے پاکستان پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد سے برطانوی داالحکومت لندن کے لئے برٹش ائیر ویز کی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں برٹش ائیرویز ایشیا پیسفک اور مشرق وسطی کے سیلز سربراہ رابرٹ ولیم اور برطانو ی ڈپٹی ہائی کمشنر رچرڈ کروڈر نے مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور معاون خصوصی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برٹش ایئر ویز نے 10 سال بعد پاکستان میں پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا۔ نمائندہ برٹش ایئر ویز نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت بین الاقوامی سطح پر بہت مقبول ہے۔پاکستان خوبصورت ملک ہے۔گزشتہ چند سالوں کے دوران سے پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر کمپنی نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برٹش ایئرویز اسلام آباد سے ہیتھرو ایئر پورٹ فلائٹ آپریٹ کرے گی۔ لندن سے اسلام آباد ہفتہ وار3 پروازیں چلائی جائیں گی۔ برطانوی نمائندے نے کہا کہ فلائٹ آپریشن آئندہ سال جون سے شروع کیا جائے گا ۔اس موقع پرقائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراوڈر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تیسرا بڑا سرمایہ کار ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات بہت خاص ہیں۔پاک فوج اورعوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے۔ معیشت ترقی کر رہی ہے۔پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لئے پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔چاہتے ہیں کہ پاکستان کا رابطہ دنیا بھر سے قائم رہے۔عبدالرزاق داو د نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سمیت ٹورزم میں بھی اضافہ ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ چند سالوں کے دوران پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

شیئر: