جناح ہاوس پر قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے، پاکستان
جمعرات 20 دسمبر 2018 3:00
اسلام آباد...ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ افغان مصالحتی عمل میں افغان طالبان پر پاکستان کا محدود اثرورسوخ موجود ہے ، امن عمل کے لئے پاکستان کے کردار کی ہر جگہ تعریف کی گئی ہے۔ ممبئی میں موجود جناح ہاو س پر پاکستان کا پرانا کلیم ہے ۔ اس پر قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کشمیر میں ہندوستانی افواج کی جانب سے کشمیری عوام کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گنز اور فورس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ طاقت کے زور سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ ہند بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں جاری مظالم کی تحقیقات کی اجازت دے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کرتار پور کی سرزمین کو ہند کے حوالے نہیں کیا جا رہا۔کرتارپور راہداری گوردوارا صرف سکھوں کے مذہبی رسومات کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی شہری حامد نہال انصاری غیر قانونی طور پر پاکستان آیا اور جاسوسی کے جرم میں پکڑا گیا۔ اسے سزا مکمل ہونے پر واپس بھجوا دیا گیا۔ ہندکیساتھ ہر 6 ماہ بعد قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔یکم جنوری کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جائے گا۔ ترجمان نے ایک سوال پر کہا کہ ممبئی میں موجود جناح ہاو¿س ممبئی پر ہمارا کلیم ہے۔ اس پر قبضے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ہندنے پاکستان کے کلیم کو تسلیم بھی کیا تھا۔چین میں قید پاکستانی شوہروں سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ چین میں پاکستانی شوہروں کی چینی بیویوں کے جیل میں ہونے سے متعلق خبریں افواہیں ہیں۔ چینی حکام کے مطابق 44 خواتین میں سے 6 پاکستان میں ہیں اور 23 سنکیانگ میں اپنی مرضی سے رہ رہی ہیں۔ 3 خواتین مختلف جرائم کے باعث جیلوں میں ہیں اور 8 خواتین کو تربیت دی جارہی ہے۔