Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : اونٹنی کا غیر معیاری دودھ فروخت کرنےوالوں کےخلاف کارروائی

جدہ۔۔۔ وزارت پانی ،ماحولیات اور زراعت کی جانب سے غیر قانونی طور پر اونٹنی کا دودھ فروخت کرنے والے باڑوں پرچھاپا مار کر تمام باڑے بند کروا دیئے ۔ بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ غیر معیاری دودھ فروخت کرنے سے بیماریاں پھیلتی ہیں جن سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ المدینہ اخبار کی رپورٹ کے مطابق جدہ کے علاقے حراج الصواریخ اور شہزادہ عبداللہ الفیصل اسٹیڈیم کے اطراف میں لوگوں نے اونٹوں کے عارضی باڑے بنا رکھے تھے جہاں حفظان صحت کے خلاف اونٹنی کا دودھ فروخت کیا جاتا ہے۔بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے باڑوں کے بارے میں رپورٹ وزارت ماحولیات وزراعت کو ارسال کی۔ وہاں سے کارروائی کے احکامات ملنے کے بعد مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدہ کے مضافاتی علاقے میں غیر قانونی باڑوں کے خلاف بیک وقت کارروائی کی ۔ اونٹوں کے نگہبانوں کو انتباہی نوٹس جاری کئے گئے جبکہ وہاں موجود سامان اور دودھ ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ۔ اس ضمن میں بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ کچا اور غیر معیاری دودھ انسانی صحت کے لئے مضر اثرات کا حامل ہوتا ہے جس کے استعمال سے انسانوں میں جانوروں کی بیماری کے وائرس سرائیت کر نے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔

شیئر: