Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر اچھے دوست کے قتل پر افسردہ‘ سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس

کراچی: صدر مملکت عارف علوی نے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن قومی اسمبلی سید علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے اچھے دوست کے بچھڑ جانے پر دلی دُکھ ہوا ہے۔ دوسری جانب وزیرا عظم عمران خان نے بھی گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے سیاسی رہنما کے قتل کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا دوبارہ سر اٹھانا وفاقی اور صوبائی حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سیکورٹی واپس لینے کے فیصلے پر حکومت نظرثانی کرے جبکہ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے علی رضا عابدی کے قتل کو شہر کا امن خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔ علاوہ ازیں ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے علی رضاعابدی کے قتل کی شدیدمذمت کی ہے ۔ انہوں نے دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بھی علی رضاعابدی کے قتل کی غیرجانبدارانہ تحقیقات پر زور دیا ہے ۔

شیئر: