Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2 برسوں میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہوئی ، سروے رپورٹ

ریاض ۔۔۔ ڈائریکٹریٹ جنرل آف ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ قوانین میں تبدیلی اورڈیجیٹل چالان سسٹم کے باعث گزشتہ 2 برس کے مقابلے میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی نے محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 1438 اور 1439 ہجری کے اعداد وشمار کے مطابق ٹریفک حادثات کے نتیجے میں اموات کی شرح میں 33 فیصد جبکہ زخمیوں میں 21 فیصد کمی آئی ہے ۔ سال 1437 ہجری میں 9 ہزار 31 افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے جبکہ 1439 ہجری میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 25 رہی جبکہ 1437 ہجری میں مجموعی حادثات کی تعداد 38 ہزار 120 تھی جو 1439 ہجری میں 30ہزار 217 رہی ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پیش کئے جانے والے مملکت کے وژن 2030 پر تمام شعبوں میں سختی سے عمل کیاجارہا ہے جس میں محکمہ ٹریفک بھی شامل ہے ۔ محکمہ کی جانب سے حادثات میں کمی اور لوگوں میں ٹریفک قوانین پر عمل کرانے کے شعور میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا تھا جس پر عمل کرنے سے کافی حد تک معاملات بہتر ہوئے اور ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہوئی ۔ ا س ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنا ہر ایک کا فرض ہے ۔ قوانین لوگوں کی حفاظت کےلئے مرتب کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرکے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔ ڈیجیٹل چالان سسٹم کی کامیابی ہر ریجن میں نمایاں طور پر دیکھی جاسکتی ہے اس سسٹم کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ سنگین حادثات ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی صورت میں رونما ہوتے تھے جب سے سگنل خلاف ورزی پر ڈیجیٹل چالان سسٹم رائج کیا گیا ہے خلاف ورزیوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ۔ 
 

شیئر: