Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حالات سیاسی بحران کی نشاندہی کررہے ہیں‘ چوہدری نثار

کلر سیداں: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے بغیر جمہوری طور پر کوئی بھی ملک نہیں چل سکتا اور نہ ہی کوئی ریاست سیاسی استحکام کے بغیر ترقی کر سکتی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات شدید ترین سیاسی بحران کی نشاندہی کررہے ہیں، ایک ایسے موقع پر جب ملک کو سیاسی وقومی استحکام کی ضرورت ہے جو دور دور تک نظر نہیں آتا، اس میں سب سے بڑی ذمے داری حکومت کی ہے کہ ملک کو عدم استحکام سے نکالے، اپوزیشن کے تحفظات دور کرے ، حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ کوئی ملک اپوزیشن کے بغیر جمہوری طور پر چل نہیں سکتا اور کوئی ملک بھی سیاسی استحکام کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔چوہدری نثار نے کہا کہ احتساب پر پوری قوم متفق ہے لیکن اس کے طریقہ کار پر اپوزیشن کو شدید تحفظات ہیں، وہ دور کرنا حکومت کا کام ہے۔ احتساب کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے جس کے لیے حکومت کو اپوزیشن سے مل کر احتساب کے طریقہ کار پر تحفظات دور کرنا چاہیے اور اداروں کو پورا موقع ملنا چاہیے کہ وہ تمام کیسز کومنطقی انجام تک پہنچائیں۔
 
 

شیئر: