Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے تمام اسکول آج کھل جائیں گے

جدہ۔۔۔ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد مملکت کے تمام اسکول آج کھل جائیں گے۔ سرکاری ونجی اسکولوں سمیت پاکستان و انڈین انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ وطالبات آئندہ 4ماہ تک بغیر کسی تعطیل کے سال کا دوسرا سمسٹر مکمل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت تعلیم کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے سمسٹر کی چھٹیاں ختم ہوگئیں جس کے ساتھ آج اتوار سے دوسرے سمسٹر کا آغاز ہوگا۔ جدول کے مطابق دوسرا سمسٹر مسلسل15ہفتہ تک جاری رہے گا جس کے دوران کوئی تعطیل نہیں ہوگی۔ رواں تعلیمی سال کے اختتام پر طلبہ وطالبات طویل ترین چھٹی کریں گے جس کا آغاز30شعبان سے ہوگا۔ بعد ازاں نیا تعلیمی سال 1440، 1441 کا آغاز2محرم 1441کو ہوگا۔ نئے تعلیمی سال کی خاص بات یہ ہوگی اس میں رمضان المبارک کے دوران اسکول کھلے رہیں گے۔ وزارت تعلیم نے 12سال کے بعد رمضان المبارک میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جدول کے مطابق نئے تعلیمی سال 1440،1441ھ میں 14رمضان المبارک تک اسکول کھلے رہیں گے۔ بعد ازاں عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد 8شوال کو اسکول کھلیں گے جبکہ سالانہ امتحان 10شوال کو ہوںگے۔ واضح رہے کہ 1428ھ میں آخری مرتبہ رمضان المبارک کے دوران اسکول کھلے تھے۔ دوسری طرف مملکت کے تمام سرکاری ونجی اسکولوں کے علاوہ انٹر نیشنل اسکولوں میں تعطیل کے بعد پہلا دن بھر پور بنانے اور حاضری کو یقینی بنانے کے لئے وزارت نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ تمام اسکولوں میں اصلاح ومرمت کے کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ محکمہ ٹریفک اور شہری دفاع نے بھی جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ مرکزی شاہراہوں اور اسکول والے محلوں میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے علی الصباح ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے۔ مرکزی شاہراہوں پربھی پولیس کی گاڑیوں کے علاوہ ٹریفک اہلکار متعین کئے جائیں گے۔ حادثات کی صورت میں گاڑیوں کو ٹریفک کی روانی معطل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 
 
 

شیئر: