Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات سے آئل ریفائنری پر بھی بات ہوئی،فواد چوہدری

اسلام آباد...پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے افغانستان میں امن اور سلامتی کےلئے مشترکہ طورپر کام کر نے ،انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے ،دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر اطمینان کااظہار، تربیت ،مشترکہ مشقیں اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف کے جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی ۔اتوار کو جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کے عزم کااظہار کیا ۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ دونوں رہنماوں نے وائٹ کالر جرائم جس میں منی لانڈرنگ شامل ہے کے خلاف تعاون کےلئے اپنے متعلقہ اداورں کو ہدایت جاری کر دیں ۔دونوں رہنماوں نے افغانستان میں امن اور سلامتی کےلئے مشترکہ طورپر کام کر نے پر اتفاق کیا ۔ وزیر اعظم نے یو اے ای کی جانب سے پاکستان کےلئے3 ارب ڈالر دینے کا شکریہ ادا کیا جس سے پاکستان کو ادائیگی میں درپیش مشکلات حل ہونے میں مدد ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ یواے ای کی مالیاتی سپورٹ اس بات کا اظہار ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دوستی مضبوط ہے ۔ تجارت بڑھانے کےلئے ایک ٹاسک فورس بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ یو اے ای 3 بلین ڈالر کاپہلے اعلان کرچکا ہے۔ولی عہد کے دورے میں آئل ریفائنریز پر بات فائنل ہوئی ہے۔باقی معاملات پر بھی بات چیت فائنل ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو بتایا کہ وہ پچاس سال پہلے اپنے والد کے ساتھ پہلی مرتبہ پاکستان آئے تھے اور 1985تک پاکستان آتے رہے ۔

شیئر: