Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی اسکولوں کی فیس کم کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے زائد فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کو فیس کم کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق فیسوں میں 20 فیصد کمی کے حکم کا اطلاق ملک بھر کے تمام اُن اسکولوں پر ہوگا جو 5 ہزار سے زائد فیسیں وصول کر رہے ہیں۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق 5 ہزار سے کم فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی ادارے 20 فیصد کمی سے مستثنیٰ ہونگے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے فیصلے میں ہدایت کی ہے کہ طلباء اور والدین کم فیس جمع کرائیں اور والدین اسکول فیس مقررہ وقت تک ادا کریں۔فیسوں پر کمی سے اسکالر شپس اور اسکول کی سہولیات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اسکول مالکان اساتذہ کی تنخواہوں میں کوئی کمی نہیں کریں گے ۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اس ملک کے قانون اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔ نجی اسکولوں نے عدالتی حکم کے بارے میں والدین کو تضحیک آمیز خطوط لکھے، جن اسکولوں نے تضحیک آمیز خطوط لکھے ان کو نوٹس جاری کرتے ہیں، وہ اسکول وضاحت کریں کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔ تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ایف آئی اے اسکولوں کے قبضے میں لیے گئے ریکارڈ کاپی کرکے واپس کرے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ لا اینڈ جسٹس کمیشن نے تعلیمی اصلاحات پر رپورٹ اپنی ویب سائٹ پر نمایاں کی ہے جس پر متعلقہ افراد کی تجاویز آرہی ہیں۔
 

شیئر: