معاہدۂ مکہ کے رکن ممالک کا اجلاس رواں ماہ ہی اسلام آباد میں منعقد ہوگا: پاکستان
پیر 16 نومبر 2026 18:55
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ کی ایپکس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا اجلاس رواں ماہ کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے کی توقع ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اس خطے کے لیے اس کا اپنا سکیورٹی آرکیٹیکچر قائم ہونا چاہیے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتام پر میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان اور وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق ’ایسا نہیں کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر صرف تین ممالک کی اجارہ داری رہے گی، بلکہ دیگر ممالک کی شمولیت کے ساتھ ساتھ چیزیں مزید بہتر ہوں گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ رواں برس نومبر کے اجلاس اور آئندہ اجلاس کے درمیان حوثی حملوں کے باعث ایک ہنگامی اجلاس بھی بلایا گیا تھا۔
پاکستان آئندہ دو برس کے لیے ای سی او کا چیئرمین مقرر
نیوز کانفرنس میں ای سی او اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو آئندہ دو برس کے لیے ای سی او وزرائے کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اجلاس میں تنظیم کے آئندہ دس سال کے لائحہ عمل ’وژن 2035‘ اور ’اسلام آباد اعلامیہ‘ کی باضابطہ منظوری بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ای سی او چیئرمین شپ کا مرکزی موضوع ’علاقائیت کی بحالی، ایک مستحکم ای سی او کے لیے‘ رکھا گیا ہے۔
ان کے مطابق جس طرح ای سی او کا ’وژن 2025‘ پاکستان میں حتمی شکل اختیار کر پایا تھا، اسی طرح ’وژن 2035‘ کو بھی اسلام آباد میں ہی حتمی شکل دی گئی ہے، جو رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کا مشترکہ فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
اجلاس کے بعد تمام وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات کی، 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی ایران کرے گا۔
’افغانستان کی رکنیت معطل ہونے کے باعث طالبان حکومت کو
مدعو نہیں کیا گیا‘
اجلاس میں افغانستان کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ ای سی او میں افغانستان کی سابق جمہوری حکومت رکن تھی اور موجودہ صورتِ حال میں افغانستان کی رکنیت منسوخ ہے، جس کے باعث نئی افغان حکومت کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا جا سکتا تھا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی درخواست پر انسانی ہمدردی کے تحت ایک ہزار امدادی کنٹینرز افغانستان جانے کی اجازت دی اور ’کاسا 1000‘ منصوبے کے لیے بھی افغانستان کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری رکھیں، جو طالبان حکومت کے آنے کے بعد مالی امداد رکنے سے متاثر ہوا تھا۔
گذشتہ برس اپریل میں اپنے دورۂ کابل کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکام پر واضح کیا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
ایران پر پابندیاں اور عالمی سفارت کاری
ایران پر عائد پابندیوں کے علاقائی منصوبوں پر اثرات کے حوالے سے وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پابندی ہمیشہ کے لیے نہیں رہتی۔
ان کے مطابق ’ایران پر پابندیاں موجود ہیں لیکن دیگر ممالک باہمی تعاون پر کام کر رہے ہیں، اور جونہی ایران سے پابندیاں ختم ہوں گی وہ بھی پوری طرح فعال ہو جائے گا۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران کی جانب سے امریکہ کو ایک پیغام دیا گیا ہے جس کے
جواب کا انتظار ہے۔
عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ گذشتہ برس اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے قرارداد 2788 منظور کرائی تھی، جسے بعد ازاں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
