پاکستان خطے کی جغرافیائی برتری کو مضبوط اقتصادی روابط میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث ہمارا خطہ منفرد جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے اور مشترکہ کوشش ہونی چاہیے کہ اس برتری کو مضبوط اقتصادی روابط اور خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کا اہم ذریعہ ہے۔‘
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ای سی او کے بنیادی اصول ہیں۔
انہوں نے 2026 اور 2027 کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھالنے کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اس مدت کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے سنہ 2025 میں ای سی او کی صدارت کرنے پر قازقستان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ اور پائیدار ترقی پر قازقستان کی توجہ نے مستقبل کے کام کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ای سی او کا یہ دو روزہ اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، وفود کے سربراہان اور تنظیم کے ذیلی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سمیت دیگر رکن ممالک کے نمائندے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایئرپورٹ پر اعلیٰ سفارتی حکام نے مہمان وزرائے خارجہ کا استقبال کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانا، رسد اور نقل و حمل کے نظام کو بہتر کرنا اور علاقائی انضمام کو فروغ دینا ہے۔
ایران، ترکیہ اور پاکستان نے سنہ 1964 میں ’علاقائی تعاون برائے ترقی‘ (آر سی ڈی) کے نام سے اس تنظیم کی بنیاد رکھی تھی، جسے 1985 میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا نام دیا گیا۔
بعد ازاں 1990 کی دہائی میں افغانستان، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کی شمولیت سے اس تنظیم کو وسعت دی گئی۔
