Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذیابیطس سے متعلق آگاہی: سعودی معاشرے میں صحت مندانہ طرزِ زندگی کا رجحان

تحقیق میں کہا گیا مملکت میں 23,1 فیصد افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی معاشرے میں ذیابیطس سے متعلق آگاہی، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے صحت مندانہ طرزِ زندگی کی اہمیت میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔
مملکت بھر میں ہیلتھ کیئر سینٹر اور کمیونٹی آرگنائزیشنز عوام کو ذیابطیس کے خطرے سے آگاہ کرنے ، صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور مریضوں کو اس بیماری سے نمٹنے اور پیچیدگیوں سے بچنے میں مدد کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے عسیر سے تعلق رکھنے والے کم عمر احمد نے بتایا ’ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے بعد روز مرہ معمولات میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ معالج کی ہدایت پر کھانے پینے کے معمولات میں احتیاط برتنے سے  فائدہ ہوتا ہے۔‘
 جسمانی سرگرمیوں میں شمولیت سے کھیل کی صلاحیت اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔ ورزش کے دوران خون میں شوگر کی سطح پر نظر رکھنے اور بیماری کو بہتر انداز میں سنبھالنے کا تجربہ بھی ہوا۔
 احمد کی والدہ نے بتایا ’جب بیٹے کی بیماری کا انکشاف ہوا تو سب پریشان ہو گئے تھے کیونکہ ابھی کافی چھوٹا تھا تاہم احمد کے مثبت رویے، بیماری کو سمجھنے کی کوشش اور ڈاکٹروں کے تعاون سے فرق پڑا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’بیٹے کو معالج نے باقاعدہ چارٹ بنا کردیا ہے جس پر وہ باقاعدگی سے عمل کرتا ہے۔ جسمانی سرگرمیوں کے اثرات بھی کافی بہتر نتائج پیدا کررہے ہیں جبکہ متوازن غذا اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے بھی  فرق پڑتا ہے۔‘

 خاندان کے افراد کو چاہئے کہ وہ ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں جو ذیابیطس میں مبتلا ہوں۔ انہیں بتدریج اپنی صحت کا خیال رکھنے کا احساس دلاتے رہنا چاہئے تاکہ وہ کسی قسم کی محرومی کا شکار نہ ہوں۔
طبی ماہرین نے جسمانی سرگرمی کو ذیابیطس پر قابو پانے میں سب سے موثر ہتھیاروں میں سے ایک کے طور پر شناخت کیا ہے۔ ورزش جسم میں گلوکوز کے استعمال اور انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتی ہے اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہے۔
اس کے علاوہ دل اور خون کی شریانوں کی صحت، وزن کے توازن اور ذہنی آسودگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

خصوصا ٹائپ ون ذیابیطس کا شکار بچوں کے لیے جسمانی ورزش اہم  ہے جس سے نہ صرف صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
 سعودی عرب میں ذیابیطس کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے جدید میڈیکل ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولتوں کا استعمال بڑھایا جارہا ہے۔
 گلوکوز مانیٹرنگ ڈیوائسز، انسولین پمپس اور آن لائن طبی نگرانی کے ذریعے مریضوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کے ساتھ  بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاو کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 سال 2025 کے دوران ذیابیطس کے مریضوں کے لیے کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر قائم کیا گیا جس کے تحت مملکت کے مختلف علاقوں میں مریضوں کی صحت سے متعلق معلومات کی ڈیجیٹل نگرانی کی جاتی ہے۔
عرب نیوز نے بین الاقوامی ذیابطیس فیڈریشن کی ایک مطالعے کے حوالے سے بتایا مملکت میں تقریبا 2.3 بالغ افراد غیر تشخیص شدہ ذیابطیس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
تحقیق میں کہا گیا کہ مملکت میں 23,1 فیصد افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔ سعودی عرب دنیا بھر میں سب سے زیادہ شرح والے دس ملکوں میں شامل ہے۔

 

شیئر: