جعلی اکاؤنٹس کیس: 4 ٹیمیں تشکیل، تفتیش کا باقاعدہ آغاز
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
اسلام آباد: نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے 4 کمبائن انویسٹی گیشن ٹیمیں (سی آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہیں، جن میں سے ہر ایک میں 9 افسران تعینات ہوں گے جن میں 4 تفتیشی افسر اور 4 پراسیکیوٹر اور ایک کیس افسر تعینات ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش کے لیے ملتان، کوئٹہ اور کراچی نیب کے افسران بھی شامل کیے جائیں گے اور نیب ہیڈ کوارٹرز کی پرانی عمارت کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا مرکز قرار دیا گیا ہے جبکہ احسان صاد ق کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے نیب ٹیم کو اس حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی ہے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی از سر نو تفتیش کے لیے معاملہ نیب کو بھیج دیا تھا اور عدالت نے قرار دیا تھا کہ نیب اس سارے معاملے کی ازسرِ نو تفتیش کرے اور اسے 2 ماہ میں مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔ تفتیش کے بعد اگر کوئی کیس بنتا ہے تو بنایا جائے۔ قبل ازیں جے آئی ٹی کے سربراہ احسان صادق نے 19 دسمبر کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ زرداری گروپ اور اومنی گروپ نے اثاثے بنائے اور قرضوں میں بے ضابطگیاں کیں جبکہ دونوں گروپس نے حکومتی فنڈز میں بھی خورد برد کیا اور کمیشن لیا۔