Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری اداروں سے رجوع کرنے والے ٹریفک جرمانو ں سے پریشان

جدہ۔۔۔ یہاں مدینہ روڈ پر 15 کلومیٹر کے دائرے میں دونوں طرف واقع سرکاری اداروں میں پارکنگ کا انتظام نہ ہونے کے باعث ان سے رجوع کرنے والے 10 مقامات پر جہاں بھی گاڑیاں پارک کرتے ہیں ، غلط پارکنگ کے جرمانے کے سزا وار ٹھہرا دیئے جاتے ہیں۔ مقامی شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ آخر ہم کب تک اس طرح جرمانے بھرتے رہیں گے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مدینہ روڈ جدہ کا مصروف ترین روڈ ہے۔ اس کے دونوں طرف 15کلومیٹر تک باقاعدہ پارکنگ کا انتظام نہیں ہے۔ دونوں طرف سرکاری دفاتر قائم ہیں۔ ان سے کام کرانے کیلئے دفاتر جانا پڑتاہے ان میں ایگزیکیٹو کورٹ سرفہرست ہے۔ انسانی حقوق ادارہ کا دفتر بھی اسی ضمن میں آتا ہے، جہاں 2 ہزار میٹر کے فاصلے پر چند گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے ۔ یہ پارکنگ ادارہ کے ملازمین کو بھی بمشکل پوری پڑتی ہے۔ اسی طرح وزارت خزانہ کی عمارت ہے جو مکہ گورنریٹ کے بالمقابل قائم ہے۔ یہاں بھی پارکنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ علاوہ ازیں جنوب کی جہت میں تجارتی امور نمٹانے والی عدالت کی عمارت بھی ہے یہاں بھی پارکنگ برائے نام ہے۔ امن عامہ ، جدہ کمشنری اور مکہ مکرمہ گورنریٹ، وزیر داخلہ کا دفتر اور وزارت خارجہ کی عمارت سمیت کہیں بھی پارکنگ کا مطلوبہ انتظام نہیں ہے جس کے باعث رجوع کرنے والوں کو گاڑی ادھر اُدھر کھڑی کرنے پر جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ 

شیئر: