Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز کا "فائنل"آج کھیلا جائے گا

کیپ ٹاون:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کے 5ویں او رآخری میچ کو "فائنل "کی شکل مل گئی ہے ۔ 5 میچوں کی سیریز 2-2سے برابر ہے اور کیپ ٹاون میں ہونے والا یہ میچ سیریز کا فیصلہ بھی کردے گا ۔پاکستانی ٹیم میزبان کے خلاف مسلسل دوسری ون ڈے سیریز جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا ۔ اس میدان پر پاکستانی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی ہے ۔ گزشتہ دورئہ جنوبی افریقہ میں پاکستان نے ون ڈے سیریز1-2سے اپنے نام کی تھی اور اب پھر اسی روایت کو دہرانا چاہتی ہے جبکہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز جیت کر حساب بھی برابر کرنا چاہے گی۔ دوسری جانب میزبان جنوبی افریقہ "پنک ڈے میچ"میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ ٹوٹنے پر بدلہ لینے کیلئے بے تاب ہے تاکہ ون ڈے سیریز جیت کر اس خفت کاازالہ ہو سکے ۔کیپ ٹاون میں باہمی مقابلوں کا مجموعی ریکارڈ میزبان ٹیم کے حق میں ہے۔ یہاں کھیلے جانے والے  5میچز میں جنوبی افریقہ نے 4فتوحات سمیٹی ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم صرف ایک بار گزشتہ دورے میں میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ۔ کیپ ٹاون کے نیولینڈز اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم فروری 2007ءمیں ون ڈے کرکٹ میں اپنے سب سے کم اسکور 107 رنز پر آوٹ ہوچکی ہے۔یہ وکٹ اسپن بولنگ کیلئے سازگار ہے اور یہ امر پاکستانی ٹیم کے حق میں جاتا ہے جبکہ عمران طاہر اور تبریز شمسی جنوبی افریقہ کیلئے کارگر ثابت ہو سکتے ہیں ۔جنوبی افریقہ نے فیصلہ کن میچ کیلئے ایک تبدیلی کی اور ویا ہان ملڈر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے ۔پاکستانی ٹیم انتظامیہ گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھ سکتی ہے تاہم فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ حسن علی کو دوبارہ شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: