Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوٹلوں اور ریستورانوں کو شراب پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، سرکاری ذرائع

ریاض۔۔۔ سعودی حکومت کے اعلیٰ ذرائع نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف ہوٹلوں اور ریستورانوں کو شراب پیش کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس حوالے سے جو مکتوب سوشل میڈیا میں گردش کررہا ہے وہ جعلی ہے۔ ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ہفتہ کو ٹوئٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے علاوہ دیگر ذرائع پر ایک جعلی خط بڑے پیمانے پر گردش کیا جارہا ہے جس میں ایک سرکاری ادارے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ فائیو اسٹار ہوٹلوں ، معیاری ریستورانوں اور بڑے کافی شاپس کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنے گاہکوں کو الکحل مشروبات پیش کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ایک علیحدہ گوشہ مختص کیا جائے۔ شراب پینے والے گاہکوں کا دوسرے گاہکوں سے کوئی رابطہ نہ ہو۔ شراب کی بوتلیں کھلے عام نہ رکھی جائیں۔ جعلی خط میں یہ بھی تحریر ہے کہ ہوٹل اور ریستوران سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بھی یہ سروس فراہم کرسکتے ہیں۔ حکومتی ذرائع نے واضح کیا ےہ کہ اس طرح کا کوئی مکتوب کسی سرکاری ادارے کی طرف سے جاری نہیں ہوا۔ یہ جعلی اور خودساختہ خط ہے جس میں جعلسازی انداز تخاطب سے واضح ہوتی ہے۔ سرکاری خطوط کی زبان معروف ہے۔ سعودی عرب سے ادنیٰ واقفیت رکھنے والا بھی جان سکتا ہے کہ یہ خط خود ساختہ ہے۔ سرکاری ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی من گھڑت خبریں پھیلانے والے سائبر جرائم میں ملوث ہوتے ہیں ۔ قانون کے مطابق ان کیخلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے شہریوں و غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ خبریں مستند ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں۔ 
 

شیئر: