Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قہوہ خانوں نے مسجد جعرانہ کی شکل بگاڑ دی

مکہ مکرمہ۔۔۔ قہوہ خانوں او رحقے کی دکانوں نے مکہ مکرمہ کی عظیم الشان تاریخی مسجد جعرانہ کی شکل بگاڑ دی۔ اسلامی تاریخ میں اسکا بڑا مقام ہے۔ اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔ یہ مسجد الجعرانہ کے نام سے معروف ہے۔ اس مسجد کے راستے پر قہوہ خانے اور حقے کی دکانیں کثیر تعداد میں کھلی ہوئی ہیں جن سے باہر سے مقدس اراضی کی زیارت کے لئے آنے والوں کو بیحد تکلیف ہوتی ہے۔ مسجد الجعرانہ کی زیارت کیلئے آنے والے جب اس راستے سے گزرتے ہیں تو انہیں یہ منظر بہت برا لگتا ہے۔ الجعرانہ کے باشندوں نے بھی شکوہ کیا ہے کہ قہوہ خانے اور حقے کی دکانوں کے کثیر تعداد میں کھل جانے سے خود انہیں بیحد تکلیف ہورہی ہے۔ انہیں برا لگتا ہے کہ یہاں سے گزرتے وقت معتمرین اور زائرین ان دکانوں کو اچھی نظر سے نہیں دیکھتے۔ یہ علاقہ مسجد الحرام سے 25کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں قہوہ خانوں اور حقے کی دکانوں میں نوجوان بیٹھ کر ہنسی مذاق ، شور شرابا کرتے رہتے ہیں۔ رات کے آخری پہر تک یہ دکانیں کھلی رہتی ہیں۔ الجعرانہ کے باشندو ںنے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان قہوہ خانوں اور حقے کی دکانوں کو پہلی فرصت میں مسجد الجعرانہ کے راستے سے ہٹوادیا جائے۔ الجعرانہ مکہ مکرمہ کے شمال مشرق کی طرف سے حد حرم بھی شمار کی جاتی ہے۔ یہاںرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ڈیرہ ڈالا تھا اور یہی وہ مقام ہے جہاں آپ نے ھوازن قبیلے سے ملنے والا مال غنیمت تقسیم کیا تھا اور یہیں سے آپ نے اپنے تیسرے عمرے کا احرام باندھا تھا۔ یہیں جعرانہ کنواں واقع ہے۔ جہاں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تیرگاڑھا تھا اس جگہ سے پانی کا چشمہ پھوٹ پڑا تھا۔یہی پھر جعرانہ کنویں کے نام سے مشہور ہوا۔

شیئر: