Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کشمیر کمیٹی کا اجلاس ، متفقہ قرار داد منظور

ہند کے زیراقتدار کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت، شہریار اکبر خاں کی سربراہی میں اجلاس، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی
جدہ ( ارسلان ہاشمی) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر کمیٹی نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا ہے کہ خطے میں دیر پا اور مستقل امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ۔ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قونصل جنرل شہریار اکبر خان کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو، کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود پوری ، عامل عثمانی ، پرویز یوسف ، سردار اقبال یوسف ، غلام نبی بٹ شامل تھے ۔ کمیٹی کے ارکان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جس کے بعد متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی جس میں ہندوستان کے زیر تسلط کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ قراردادمیں ہندوستان سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیر میں ریاستی بالا دستی کے تحت منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکے، اور بین الاقوامی حقوق انسان کی تنظیموں کوکشمیر تک غیرمشروط رسائی کی اجازت دی جائے۔کمیٹی نے ہندوستانی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ کمیٹی نے زور دیا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بنیادی تنازع کشمیر ہے اس مسئلے کے حل تک علاقے میں دیرپا امن قائم نہیں ہوسکتا۔ کمیٹی نے حکومت ہند پر پر زور دیا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں پر عمل درآمد کرایا جائے جس کے تحت جموں و کشمیر کے عوام کو اپنی مرضی سے انتخاب کا اختیار دیا گیا ہے۔کمیٹی نے بین الاقوامی برادری کو بھی کشمیر پر اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کیلئے ہندوستان پر اپنا اخلاقی اور سفارتی دباو¿ ڈالنے کی سفارش کی تاکہ ہند اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔کشمیر کمیٹی نے کشمیری عوام کی جدوجہد کے لئے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت کی تعریف کی۔کشمیر کمیٹی نے سعودی عرب اور اسلامی تعاون تنظیم کا کشمیری جدوجہد کی مسلسل حمایت کیلئے شکریہ ادا کیا۔

شیئر: