Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کی سہولت کیلئے 3 معیاری پروگرام تیار

مکہ مکرمہ ۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سعودی قائدین اور عوام دونوں حرمین شریفین کی زیارت کیلئے آنے والوں کی خدمت نت نئے انداز میں کرنے کی فکر رکھتے ہیں۔ اسی فکر کے تحت کئی اداروں نے یہ دیکھ کر کہ مستقبل قریب میں سالانہ 3کروڑ لوگ عمرہ پر ارض مقدس پہنچیں گے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں معتمرین و زائرین کے آرام و راحت کیلئے3پروگرام ترتیب دیدیئے ہیں۔ الوطن اخبار نے انکی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت صحت نے معتمرین کی خدمت کیلئے گشتی کلینک کا انتظام کیا ہے ۔ اس کے تحت مسجد الحرام کے اطراف عمارتوں میں رہائش پذیر معتمرین کو گشتی کلینکس کے ذریعے صحت خدمات فراہم کی جانے لگی ہیں۔ وزارت صحت کے عہدیدارو ںنے یہ چیلنج اس وقت قبول کیا جب مکہ کلچرل فورم میں ایک پروگرام کیا گیا جس کا عنوان تھا ”ہم مثالی نمونہ کیسے بنیں، ہم حج اور عمرہ کی خدمات کو جدید تر کیسے بنائیں؟“ اس خدمت کی بدولت زائرین اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز جانے کی زحمت سے بچیں گے اور انہیں اپنی عمارت میں اسپتالوں والی بیشتر سہولتیں مہیا ہونگی۔محکمہ شہری دفاع نے زائرین کی سہولت کیلئے ایک نئی اسکیم تیار کی ہے۔ جس کا عنوان ہے ”لفٹ میں اپنی مدد آپ“ اسکے تحت حجاج ، معتمرین او ر زائرین کی عمارتوں میں لفٹ استعمال کرنے کے لئے آگہی مہم چلائی جارہی ہے اور شہری دفاع کے محکمے کے تحت رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے معتمرین کو لفٹ کے استعمال کے طور طریقے سمجھا رہے ہیں۔ شہری دفاع کے اہلکار بھی اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ تیسرا پروگرام وزارت حج و عمرہ نے شروع کیا ہے۔ اسے” بوابة مقام“ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت ضیوف الرحمن کی خدمت کیلئے ایک ویب سائٹ قائم کی گئی ہے جسکی مدد سے دنیا میں کسی بھی مقام سے عمرے کے امیدوار عمرہ خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ ای عمرہ ویزہ لے سکتے ہیں۔ ریزرویشن کروا سکتے ہیں۔ عمرہ کمپنیوں او راداروں کے ساتھ معاہدے کرسکتے ہیں۔ ایسے ممالک جہاں عمرے کے خارجی ایجنٹ نہیں ہیں وہاں کے باشندے اس سروس سے زیادہ فیض یاب ہونگے۔

شیئر: