مہنگائی کا ایک اور بم گرنے والا ہے؟

اسلام آباد...مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی۔ قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں؟۔ ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے ملاقات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی ہے پھر ملاقات کا ڈرامہ کیوں ؟۔ انہوں نے کہاکہ پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا۔ بقول وزیرِ خزانہ کے کہ حکومت نے آئی ایم جانے سے پہلے ہی شرائط مان لی ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی کا بم گرا چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ روپے کی قدر میں 35 فیصد سے زائد کمی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پہلے کیاجاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پیکج سے پہلے ہی حکومت ہر سبسڈی بشمول حج ختم کرچکی ہے۔انہوںنے کہاکہ قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں؟۔ قوم کو مزید مہنگائی کی کون سی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جاری ہے؟ بتایاجائے کہ اب روپے کی قدر میں مزید کتنی کمی ہوگی اور ڈالر کس ریٹ پر ملے گا؟انہوںنے کہاکہ پارلیمان اور قوم سے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ انداز میں کررہے ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ قوم حکومت کی نااہلی سے مہنگائی کے ایک اور طوفان کی تیاری کرے۔
 

شیئر: