Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرہ اسماعیل خان: چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں کسٹم اور پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہونے والے بارود سے بھری گاڑی کے خودکش دھماکے میں پولیس اور محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں سمیت کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی حکام اور ریسکیو سروس کے مطابق یہ واقعہ تحصیل درازندہ میں ’امن میلہ‘ کے قریب قائم ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر سنیچر کو پیش آیا جہاں کسٹم اور ایکسائز کے اہلکار بھی تعینات تھے۔
بارود سے بھرا لوڈر چیک پوسٹ سے ٹکرا گیا
پولیس کے مطابق حملہ آور نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کی عمارت سے ٹکرا دیا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور دور دور تک آواز سنی گئی۔
امدادی کارروائیاں اور سکیورٹی الرٹ
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں اور 30 سے زائد زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال کے حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
فی الحال کسی بھی کالعدم تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

شیئر: