Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد محمد بن سلمان کے استقبال کی تیاریاں مکمل

اسلام آباد۔۔۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم ہاﺅس میں قیام کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کابینہ سمیت سعودی ولی عہد کا استقبال کریں گے ۔ معزز مہمان کو ائیرپورٹ سے وزیراعظم ہاﺅس لے جانے کیلئے 2 پلان تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ ممکنہ طور پر وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی گاڑی چلائیں گے۔ دوسرے پلان کے مطابق معزز مہمان ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیراعظم ہاﺅس روانہ ہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ سعودی ولی عہد 4 طیاروں کے ساتھ لینڈ کریں گے۔ پاکستانی فضائی حدود میں معزز مہمان کے طیارے کو جے ایف 17 پروٹوکول حصار میں لیں گے۔ پاکستان آمد پر انہیں جے ایف 17 تھنڈر سے سلامی بھی دی جائے گی۔وزیراعظم ہا ﺅ س آمد پر گارڈ آف آنر اور 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔وزیراعظم عمران خان ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ۔ ایوان صدر میں عشائیہ دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ 102 افراد کا وفد ہوگا جن میں سے کچھ مہمان اسلام آباد کے نجی ہوٹلز میں قیام کریں گے۔ مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے 123 شاہی محافظ پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں جو اسلام آباد کے 8 ہوٹلز کی نگرانی بھی کریں گے ۔ وزیراعظم ہاﺅس اور 8 نجی ہوٹلز کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ہے۔پاکستانی حکومت نے سعودی وفد کے لئے 300 لینڈ کروزرز مختص کی ہیں۔ معزز مہمان کو 5 حصاروں پر مشتمل وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ 80 کنٹینرز پر سعودی ولی عہد کا سامان 90 ٹرکوں میں پہنچایا گیا۔ ان کے ذاتی استعمال کی اشیا بھی پاکستان پہنچادی گئی۔ محمد بن سلمان کے ذاتی استعمال کیلئے کچھ گاڑیاں بھی سعودی عرب سے پاکستان آئی ہیں۔

شیئر: