Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوراب میں دیسی ساختہ بم کی تیاری کے دوران دھماکے اور کلیئرنس آپریشن میں 18 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

ترجمان کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے بلوچستان کے ضلع سوراب میں گاڑی میں نصب دیسی ساختہ بم تیاری کے دوران پھٹنے اور اس کے بعد سکیورٹی فورسز کی کلیئرنس آپریشن میں 18 دہشت گرد مارے گئے جب کہ قریب موجود تین سویلین بھی ان دھماکوں کا شکار ہو گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’12 اگست 2026 کی صبح بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد ایک گاڑی میں نصب کیے جانے والے دیسی ساختہ بم  کی تیاری میں مصروف تھے کہ دھماکہ قبل از وقت ہو گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں آٹھ دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے قریبی علاقے میں موجود تین شہری بھی جان سے گئے۔‘
ترجمان کے مطابق واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس موقع پر پہنچیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ان واقعات میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو بہادر سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔‘
ترجمان کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری بھرپور انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

شیئر: