Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن رہنما جیل میں یا ضمانتوں پر،عشائیے پر کیسے بلائیں؟

  اسلام آباد...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ اپوزیشن کے مرکزی رہنما بدعنوانی کے مقدمات میں جیل میں یا ضمانتوں پر ہیں ، عشا ئیے پر کیا بلائیں ؟ اپنے ٹوئٹ میں انہوںنے کہاکہ کچھ رہنما مقدمات میں شامل تفتیش ہیں جو کچھ باقی بچ جاتے ہیں وہ اس قد کے ہی نہیں انہیں بلانا نہ بلانا برابر ہے۔ انہوںنے کہا کہ سنجیدہ اپوزیشن کا نہ ہونا ایک سیاسی بحران ہے۔ آگے جا کے کوئی نئی لیڈرشپ ابھرے تو ابھرے۔ دریں اثناءپیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ڈپٹی ا سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کا وزیراطلاعات کے ٹوئٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کی تقریبات کیلئے مدعو کرنا اپوزیشن کا مطالبہ نہیں۔ اگر الزامات ہی بنیاد ہیں تو پھر وزیراعظم کے خلاف ہیلی کاپٹر ریفرنس کی تحقیقات چل رہی ہے۔ فواد چوہدری بتائیں وزیراعظم کس منہ سے سعودی ولی عہد کے سامنے جائیں گے۔ اگر یہی معیار ہے تو پھر وزیراعظم اور ان کے وزرا کو بھی تقریبات سے دور رکھا جائے۔ مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی مولانا بخش چانڈیو نے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کا قد حکومت سے کہیں بڑا ہے۔حکومت خود سعودی ولی عہد کے دورے پر قوم کو تقسیم ہونے کا تاثر دے رہی ہے ۔ چانڈیو نے کہا کہ سیاسی لڑائیاں گھر کے اندر ہوتی ہیں۔ان کا رویہ عالمی فورموں پر بھی کنٹینر والا ہے۔ اگر پوری قومی قیادت کو مدعو کیا جاتا تو مہمانوں کی زیادہ عزت افزائی ہوتی۔ ماضی میں جب بھی دوست ممالک سے مہمان آئے حکومت اور اپوزیشن ساتھ رہے۔ 

شیئر: