پاکستان: مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کا امکان
پاکستان: مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کا امکان
منگل 30 دسمبر 2025 12:35
ملک کے بعض حصوں میں بارش، برفباری اور سردی مزید بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ چترال کی وادی کیلاش میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق غربی ہواؤں کا سلسلہ مغربی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد آج اور کل بالائی و وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں آج چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ملاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ ہنگو اور دوسرے شہروں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی مقامات پر بارش بھی ہو سکتی ہے۔
کراچی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہر کے موسم پر مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثرانداز ہو سکتا ہے اور حیدر آباد میں بھی آج ہلکی بارش متوقع ہے، جس کے بعد موسم مزید سرد ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد جبکہ بالائی و جنوبی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا۔
بلوچستان کے چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، قلات، تربت، کیچ، چاغی اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح شام اور رات کے اوقات میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش ہو گی جبکہ ملحقہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو گی۔
پنجاب اور بالائی سندھ کے علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائی رہے گی۔
کل بدھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد بھر میں موسم ابر آلود رہے گا جبکہ کچھ مقامات پر بارش بھی ہو گی۔
اسی روز جنوبی و وسطی پنجاب کے بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
علاوہ ازیں نئے سال کے پہلے روز بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد میں موسم ابرآلود رہے گا اور پہاڑی مقامات پر برفباری ہو گی جبکہ وسطی پنجاب کے چند علاقوں میں ہلکی بارش اور دھند میں کمی کا امکان ہے۔
جنوبی و وسطی پنجاب کے بعض مقامات پر کل ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دو جنوری کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی حصوں میں شدید سردی متوقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں صبح کے وقت برفباری ہو گی جس سے سردی بڑھے گی۔
اسی طرح پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں رات کے وقت درمیانی اور شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
تین جنوری کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی حصوں میں شدید سردی متوقع ہے اور میدانی علاقوں میں کُہرا پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسیمات کے مطابق برفباری کے باعث ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ اور گلیات میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔
اس کی جانب سے مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔