Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی شہروں میں بارش، بالائی علاقوں میں برف باری

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز سے موسم خشک اور دھوپ میں حدت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوچکا ہے دوسری جانب ملک کے کئی شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں پر برف باری کے بعد درجہ حرارت مزید گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، پشاور، سکھر، راجن پور سمیت کئی شہروں میں ہلکی اور موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6، ژوب میں صفر، پنجگور اور نوکنڈی میں 11، گوادر میں 19، جیونی میں 17، پسنی اور تربت میں 16 جب کہ خضدار میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اُدھر پشاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد سردی بڑھ گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں بھی کئی شہروں میں بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے ۔
 
 

شیئر: