Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق وزیر اعظم کازیادہ ٹیکس دینے والوں میں پانچواں نمبر

اسلام آباد...سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد میں پانچویں نمبر پر ہیں تاہم وہ دعوت کے باوجود پذیرائی کےلئے حکومتی تقریب میں شریک نہیں ہوئے ۔فیڈرل بورڈ ریونیو کی جانب سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری کی گئی جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پانچویں نمبر پر شامل ہیں۔شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے واحد ٹیکس دہندہ ہیں جو ٹیکس ادا کرنے والے سرفہرست 100 افراد میں شامل ہیں۔وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کو دعوت دی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دعوت کے باوجود نہیں آئے۔شاہد خاقان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف آج نہیں بلکہ پچھلے 32 سال سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے فہرست جاری کر کے غیر قانونی کام کیاہے۔ فہرست جاری کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے۔انہوںنے تحریک انصاف کی حکومت اور کابینہ کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ایسی تقریب میں جا کر کیا کرنا تھا جہاں وزیر اعظم اور اس کی کابینہ ٹیکس نہ دیتی ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پہلے قوم کو بتائیں کہ وہ اور ان کی کابینہ کتنا ٹیکس دیتی ہے۔ایف بی آر کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون صائمہ شہباز ملک ہیں ۔ دوسرے نمبر پر کراچی سے ہی تعلق رکھنے والے محمد یاسین ملک اور تیسرے نمبر پر احمداللہ ہیں۔ چوتھا نمبر لاہور کے حسن منشا کا ہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان پانچویں نمبر پر ہیں۔فہرست میں شامل ابتدائی 30 ٹیکس دہندگان میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو کہ 21 بنتی ہے اس کے بعد لاہور اور گوجرانوالہ کا نمبر آتا ہے جن کی تعداد صرف 3،3 ہے۔پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے ابتدائی 30 افراد میں فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور سے کوئی شامل نہیں۔ کوئٹہ سے صرف ایک حاجی نورالحق شامل ہیں۔

شیئر: