Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کیلئے پاکستان اور ہندوستان دونوں اہم ہیں، کشمکش سے دکھی ہیں، الجبیر

    ریاض(نیوزڈیسک) سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف بھرپور جنگ کر رہا ہے۔ قبائلی علاقو ں میں دہشت گرد گروہوں سے جنگ میں پاکستان کے ہزاروں  فوجی  اور شہری جاں بحق ہو گئے۔ پاکستان قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ دہشت گردی کے خلاف جتنا کچھ کر سکتا ہے کر رہا ہے۔ الجبیر این ڈی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔الجبیر نے کہا کہ اہل پاکستان کا نقطہ نظر یہ ہے کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں اور وہ اب بھی دہشت گردوں کاحتیٰ الامکان  تعاقب کر رہے ہیں۔ الجبیر نے توجہ دلائی کہ ہر ملک کا فرض ہے کہ وہ اپنی بساط کے مطابق دہشت گردوں کاتعاقب کرے۔ عادل الجبیر نے پلوامہ میں خود کش حملے کے نتیجے میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان گرما گرمی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گرما گرمی ختم ہونا ضروری ہے۔ مسائل کے حل کیلئے بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیلئے اہم ملک ہے۔ ہندوستان بھی  مملکت کیلئے اہم ہے۔ اسی لئے ہمیں ان دونوں کے درمیان کشمکش دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ دونوں ملک ہمارے دوست ہیں اور یہاں عدم استحکام سے باقی دنیا کو خطرات پیدا ہوں گے۔ الجبیر نے بتایا کہ دہشت گرد افراد کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی سعودی عرب کی پالیسی بے حد واضح ہے۔ جو شخص بھی دہشت گردی میں ملوث ہو یا عام لوگوںکی ہلاکت کی ذمہ دار دہشت گرد تنظیم سے منسلک ہو یا دہشت گردی کی فنڈنگ کر رہا ہو یا دہشت گردوں کو  تربیت دے رہا ہو۔ ایسا شخص سزا کا حقدار ہے۔ ایسے شخص کو آزاد چھوڑنا کسی طور درست نہیں۔ ایسا شخص گرفتار ہو جائے تواسے عدالت میں پیش کیا جائے۔ دہشت گردانہ حملوں میں شریک افراد کو بلیک لسٹ کیا جانا کافی نہیں۔ ان پر مقدمہ چلایا جانا اور انہیں سزا دینا بھی ضروری ہے۔
 
مزید پڑھیں:- - - -ولی عہد کاد ورہ چین غیر معمولی اہم

شیئر: