Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کرکٹ کو تاریخی کامیابی، جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کردیا

پورٹ الزبتھ:سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی اور 27سال بعد جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی ہے۔ گزشتہ روز کھیل کے تیسرے دن سری لنکا کو فتح کیلئے 137رنز کی ضرورت تھی اور اس کی 8وکٹیں باقی تھیں ۔ دوسرے دن کے ناٹ آوٹ بیٹسمینوں کوشل مینڈس اور اوشاڈا فرنینڈو نے ڈٹ کر جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ کیا اور انہیں کوئی کامیابی حاصل کرنے سے محروم رکھتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 163 رنز بناکر اپنی ٹیم کو 8وکٹوںسے تاریخی فتح دلا دی ۔ کوشل مینڈس84اور اوشاڈا فرنینڈو 75رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ڈربن ٹیسٹ میں ٹیم کو ناقابل یقین کامیابی دلانے والے کوشل پریرا نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سیریز میں0-1سے خسارے سے دوچار جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 222 رنز بنا ئے۔ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 154 رنز پر ڈھیر ہو کر 58رنز کے خسارے سے دوچار ہوئی تھی۔ سری لنکن بولرز نے دوسری اننگز میں جنوبی افریقی ٹیم کوصرف 128رنز پر ڈھیر کردی ،یوں سری لنکا کو میچ میں تاریخی فتح کیلئے 197 رنز کا ہدف ملا تھا ۔جنوبی افریقی بولرز سری لنکن اوپنرز کو 34رنز پر پویلین بھیج چکے تھے لیکن اس کے بعد اوشاڈا فرنینڈو اور کوشل مینڈس نے کریز سنبھالی اور دوسرے کے آخری سیشن میں اسکور کو 60رنز تک پہنچانے کے بعد تیسرے دن ایک بار پھرعمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ اوشاڈا فرنینڈو نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور 106گیندوں پر2چھکوں اور10چوکوں کی بدولت 75 اور کوشل مینڈس نے 148گیندوں پر13چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقی بولرز نے 29.4اوورز کرائے لیکن ان کی شراکت کو نہ توڑ سکے ۔ کاگیسو ربادا اور ڈوائن الیویئر نے کھیل کے دوسرے دن ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: